این اے 133 ضمنی انتخابات، لیگی امیدوارشائستہ پرویز نے واضح برتری حاصل کرلی

غیر سرکاری غیر حتمی نتائج کے مطابق مسلم لیگ ن کی شائستہ پرویز نے 38103ووٹ لے کر پی پی امیدوارپر برتری حاصل کر لی ، پیپلز پارٹی کے امیدوار اسلم گل 25190 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر، ذرائع

Danish Ahmad Ansari دانش احمد انصاری اتوار 5 دسمبر 2021 20:12

این اے 133 ضمنی انتخابات، لیگی امیدوارشائستہ پرویز نے واضح برتری حاصل ..
لاہور(اُردو پوائنٹ، اخبار تازہ ترین، 5دسمبر 2021) این اے 133 ضمنی انتخابات، ن لیگ پیپلز پارٹی کو ٹف ٹائم دینے میں کامیاب، مسلم لیگ ن کی شائستہ پرویز نے پی پی امیدوار پر واضح برتری حاصل کرلی۔ تفصیلات کے مطابق لاہور میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 133 کے ضمنی انتخاب میں مسلم لیگ (ن) کی امیدوار شائستہ پرویز ملک کو برتری حاصل ہے۔این اے 133 میں صبح 8 بجے شروع ہونے والی پولنگ شام 5 بجے تک کسی وقفے کے بغیر جاری رہی۔

ووٹوں کی گنتی کے بعد نتائج آنے کا سلسلہ جاری ہے اور اب تک کے غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج کے مطابق مسلم لیگ (ن) کی امیدوار کو برتری حاصل ہے۔254 میں سے 205 پولنگ اسٹیشنز کے غیرحتمی و غیرسرکاری نتائج کے مطابق مسلم لیگ ن کی شائستہ پرویز 38103 ووٹ لےکر آگے ہیں۔غیرسرکاری نتیجے کے مطابق پیپلزپارٹی کے اسلم گِل 25190 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر ہیں۔

(جاری ہے)

قبل ازیں پولنگ کے دوران امن و امان کی صورت حال کو برقرار رکھنے کیلئے 2 ہزار سے زائد پولیس اہلکاروں نے سکیورٹی کے فرائض سرانجام دیے جبکہ رینجرز اہلکار بھی گشت پر مامور رہے۔ حلقہ این اے 133 لاہور کی اس نشست پر ضمنی انتخابات کے لیے پولنگ شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہی، حلقے میں 4 لاکھ 40 ہزار سے زائد ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کر نے کے اہل تھے ، جن میں مرد ووٹرز 2 لاکھ 33 ہزار 558 اورخواتین 2 لاکھ 6 ہزار 927 ہیں ، پولنگ کے لیے الیکشن کمیشن کی جانب سے این اے 133 میں 254 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ، جن میں اے کیٹیگری کے 22، بی کیٹیگری کے 198 اور سی کیٹیگری کے 34 پولنگ اسٹیشنز شامل ہیں ، ان میں سے 200 پولنگ اسٹیشن ایسے ہیں جہاں مرد اور خواتین علیحدہ علیحدہ ووٹ کاسٹ کریں گے جب کہ 54 مخلوط پولنگ اسٹیشنز بنائے گئے ۔

حلقے میں مجموعی طور پر 13 امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہے ، جس میں آزاد امیدواروں کی تعداد زیادہ ہے تاہم اس نشست کے لیے مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کے درمیان کانٹے کا مقابلہ متوقع ہے ، یہاں پرویز ملک کی اہلیہ شائستہ پرویز ن لیگ اور اسلم گل پیپلز پارٹی کے امیدوار ہیں جب کہ ضمنی انتخابات کے دوران کسی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے لیے سکیورٹی کے سخت انتظامات بھی کیے گئے ہیں جس کے لیے مجموعی طور پر 2 ہزار سے زائد افسران و اہل کار ڈیوٹی دے رہے ہیں ، ایس ایس پی آپریشنز کی نگرانی میں 6 ایس پیز اور 14 ایس ڈی پی اوز فرائض انجام دے رہے ہیں ، اس کے علاوہ 44 ایس ایچ اوز، 52 ڈولفن و پیرو اور 7 کوئیک ریسپانس ٹیمیں بھی تعینات کی گئی ہیں۔