صوبائی سیکرٹری سپیشل ایجو کیشن صائمہ سعید کا قصور کا دورہ

گورنمنٹ سپیشل ایجو کیشن سکول برائے متاثرہ سماعت کی تزئین و آرائش کے کام کا افتتاح کیا

منگل 7 دسمبر 2021 16:45

قصور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 دسمبر2021ء) صوبائی سیکرٹری سپیشل ایجو کیشن پنجاب صائمہ سعید کا قصور کا دورہ ‘گورنمنٹ سپیشل ایجو کیشن سکول برائے متاثرہ سماعت کی تزئین و آرائش کے کام کا افتتاح کیا ۔ اس موقع پرڈائریکٹر ڈویلپمنٹ میاں زاہد مجید ‘ ڈی او سپیشل ایجو کیشن طاہر حسین غازی ، ضلعی فوکل پرسن نصیر اقبال سندھو ‘پرنسپل ڈاکٹر لطیف احمد ، پاکستان تحریک انصاف کے رہنما قیصر ایوب شیخ ، اساتذہ ، طلباء و طالبات ، والدین اور دیگر نے شرکت کی ۔

افتتاحی تقریب کے موقع پر خصوصی بچوں نے ٹیبلو ز پیش کئے جس کو حاضرین نے خوب سراہا ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی سیکرٹری سپیشل ایجو کیشن صائمہ سعید نے کہا کہ پنجاب حکومت سپیشل بچوں کی تعلیم و تربیت کو جدید خطوط پر استوار کرنے کیلئے کوشاں ہے جس کیلئے موجودہ تمام وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے بچوں کو پیشہ وارانہ علوم اور مہارتیں بھی سکھائی جا رہی ہیں تا کہ آنے والے دنوں میں خصوصی بچے ملک و قوم کی ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کر سکیں ۔

(جاری ہے)

ان کا مزید کہنا تھا کہ سکول کی تزئین و آرائش سے بچوں کو پڑھنے کیلئے مزید ساز گار ماحول میسر آئے گا اور خصوصی بچوں کی احسن انداز میں تربیت ہو سکے گی ۔ صوبائی سیکرٹری نے والدین سے گزارش کی کہ وہ اپنے خصوصی بچوں کو سپیشل ایجو کیشن کے تعلیمی اداروں میں لازمی داخل کروائیں تا کہ وہ تعلیم کے زیور سے آراستہ ہو کر کامیاب زندگی گزارسکیں ۔ علاوہ ازیں انہوں نے قصور میں موجود خصوصی تعلیم کے تینوں اداروں کا معائنہ کیا اور خصوصی بچوں کی تعلیم و تربیت کے حوالے سے کئے گئے انتظامات کا جائزہ لیا۔