شاہین آفریدی اور حسن علی کیلنڈر ایئر میں 40،40 سے زیادہ وکٹیں لینے والی چوتھی پاکستانی فاسٹ بائولر جوڑی بن گئی

شاہین نے 9 میچوں میں 17.06 کی اوسط سے 47 وکٹیں حاصل کیں ، حسن علی نے 8 میچوں میں 16.07 کی اوسط سے 41 وکٹیں حاصل کیں

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 8 دسمبر 2021 17:32

شاہین آفریدی اور حسن علی کیلنڈر ایئر میں 40،40 سے زیادہ وکٹیں لینے والی ..
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 8 دسمبر 2021ء ) پاکستان کے سٹار تیز گیند باز شاہین آفریدی اور حسن علی گزشتہ ایک سال سے ٹیسٹ کرکٹ میں شاندار فارم میں ہیں۔ وہ 2021ء میں ٹیسٹ کرکٹ میں سرفہرست تیز گیند باز ہیں کیونکہ شاہین کیلنڈر ایئر میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے دوسرے اور حسن تیسرے نمبر پر سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے بولر ہیں۔ دونوں گیند بازوں نے کیلنڈر ایئر میں 40 سے زائد وکٹیں حاصل کیں اور ایسا کرنیوالے ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں صرف چوتھی پاکستانی فاسٹ باؤلنگ جوڑی بن گئی۔

اس سے قبل شعیب اختر اور وقار یونس نے 2002ء میں یہ کارنامہ انجام دیا تھا اور وسیم اور وقار کی جوڑی نے 1990ء اور 1994ء میں دو مواقع پر یہ سنگ میل حاصل کیا تھا۔ کیلنڈر ایئر میں 40 سے زیادہ وکٹیں لینے والی پاکستانی فاسٹ بائولر جوڑی میں شاہین آفریدی اور حسن علی اس سال 88 شکار کرچکے ہیں ۔

(جاری ہے)

شعیب اختر اور وقار یونس 2002ء میں 82 وکٹیں حاصل کی تھیں ، وسیم اکرم اور وقار یونس نے 1994ء میں 89 شکار کیے تھے جب کہ 1990ء میں 97 وکٹیں حاصل کی تھیں ۔

حسن اور شاہین پورے کیلنڈر سال میں بہترین فارم میں رہے ہیں۔ انہوں نے ایک ساتھ مجموعی طور پر 88 وکٹیں حاصل کیں اور متعدد مواقع پر مخالف بیٹنگ لائن اپس کو تہس نہس کر دیا۔ شاہین نے 9 میچوں میں 17.06 کی اوسط سے 47 وکٹیں حاصل کیں جبکہ حسن علی نے 2021ء میں 8 میچوں میں 16.07 کی اوسط سے 41 وکٹیں حاصل کیں۔ حسن نے 2021ء میں 5 مرتبہ اننگز میں 5 یا زیادہ وکٹیں حاصل کیں جو کیلنڈر سال میں کسی باؤلر کی طرف سے مشترکہ طور پر سب سے زیادہ ہے جبکہ شاہین نے 3 پانچ وکٹیں حاصل کی ہیں، جو 2021ء میں کسی بائولر کی دوسری بہترین کاوش تھی۔