فوج نے ایران پر حملے کے تیار منظرنامے پیش کردیئے، اسرائیلی میڈیا

حملوں کے کسی بھی نتیجے یا ایرانی جوہری پروگرام پر ان کے اثرات کی مدت کا تعین مشکل ہو گا،رپورٹ

جمعہ 31 دسمبر 2021 16:05

تل ابیب (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 31 دسمبر2021ء) اسرائیلی فوج نے ملک کی سیاسی قیادت کے سامنے ایران میں اہداف پر حملوں کے کئی ممکنہ منظر نامے پیش کردیئے تاہم ساتھ ہی باور کرایا ہے کہ ان حملوں کے کسی بھی نتیجے یا تہران کے جوہری پروگرام پر ان کے اثرات کی مدت کا تعین مشکل ہو گا۔اسرائیلی اخبارنے عسکری ذمے داران کے حوالے سے بتایا کہ اسرائیلی فوج حکومت کی منظوری کے ساتھ ہی ایران پر حملے کے لیے مستعد ہو گی۔

(جاری ہے)

فوج کے مطابق وہ ایران پر حملے کے نتائج کے لیے بھی تیاری کر رہی ہے جن میں لبنان میں حزب اللہ یا غزہ کی پٹی میں حماس کے ساتھ لڑائی شامل ہے۔اسرائیلی فوج کا کہنا تھا کہ ایران پر ممکنہ حملے کے واسطے تیاری کے سلسلے میں اس نے گذشتہ مہینیوں کے دوران میں جدید اسلحہ حاصل کیا اور فضائی تربیتی مشقیں بھی انجام دیں۔ اسی طرح فوج کو اس مقصد کے لیے 9 ارب شیکل( (2.9 ارب ڈالرکا اضافی بجٹ بھی مل گیا۔اسرائیلی فوج انٹیلی جنس معلومات اکٹھا کرنے کے واسطے علاقائی شراکت داروں کے ساتھ مل کر کام کر ہی ہے۔