عمان میں پاکستانیوں کیلئے روزگار کے مزید موقع پیدا ہونے کا امکان روشن ہوگیا

عمان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے چیئرمین کا دورہ پاکستان‘ اہم ملاقاتوں میں دونوں ممالک کے نجی اداروں اور کمپنیوں کے درمیان شراکت داری قائم کرنے پر بات چیت کی گئی

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 6 جنوری 2022 15:11

عمان میں پاکستانیوں کیلئے روزگار کے مزید موقع پیدا ہونے کا امکان روشن ..
کراچی / مسقط ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 06 جنوری 2022ء ) خلیجی سلطنت عمان میں پاکستانیوں کیلئے روزگار کے مزید موقع پیدا ہونے کا امکان روشن ہوگیا۔ عمانی میڈیا کے مطابق عمان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (OCCI) کے چیئرمین انجینئرردا جمعہ الصالح نے پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی میں صوبہ سندھ کے گورنر عمران اسماعیل اور کئی دیگر حکام سے ملاقات کی ، ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان زراعت ، ماہی گیری ، ادویات ، تعلیم ، برآمدات اور درآمدات کے شعبوں میں تجارت اور سرمایہ کاری کے تعاون کے امکانات کا جائزہ لیا گیا۔

بتایا گیا ہے کہ یہ ملاقات عمانی تجارتی وفد کے دورہ پاکستان کے موقع پر ہوئی ، جہاں دونوں ممالک کے تاجروں نے تجارت اور سرمایہ کاری کے تعاون کو بڑھانے کے ساتھ ساتھ عمان اور پاکستان کے درمیان تجارتی تبادلے کو بڑھانے کے لیے بہت سی اہم ملاقاتیں کیں ، ان ملاقاتوں میں دونوں اطراف سے نجی اداروں اور کمپنیوں کے درمیان شراکت داری قائم کرنے کے ذرائع پر بھی بات ہوئی۔

(جاری ہے)

دوسری جانب عمان میں غیر ملکی کارکنوں کی تعداد میں اضافہ ہوگیا ‘ خلیجی سلطنت میں پاکستانیوں کی تعداد 1لاکھ 86 ہزار 629 ہوگئی‘ ملک میں آنے والے زیادہ تر کارکنوں نے نجی شعبے میں شمولیت اختیار کی ، قومی مرکز برائے شماریات اور معلومات (NCSI) کے اعداد و شمار بتاتے ہیں کہ اکتوبر 2021ء میں 1 لاکھ 84 ہزار 095 مسافر عمان پہنچے ، جب کہ ملک چھوڑنے والے مسافروں کی تعداد 1 لاکھ 66 ہزار 302 تھی ، اسی طرح ستمبر میں 1 لاکھ 71 ہزار 494 افراد عمان آئے جب کہ 1 لاکھ 21 ہزار 187 لوگ وہاں سے چلے گئے۔

بتایا گیا ہے کہ اگست 2021ء کے بعد سے عمان آنے والوں کی تعداد میں نمایاں اضافہ ہوا ہے، اس سے پہلے اگست میں صرف 91 ہزار 355 لوگ عمان میں داخل ہوئے ، اس کے مقابلے میں 1 لاکھ 27 ہزار 575 لوگ وہاں سے چلے گئے تھے ، مجموعی طور پر 2021ء میں روانگیوں کی تعداد آمد سے بڑھ رہی ہے ، اکتوبر 2021 تک صرف ایک ملین سے زیادہ لوگ عمان پہنچے، جب کہ اس وقت کے دوران تقریباً 1 اعشاریہ 15 ملین لوگ ملک چھوڑ گئے۔