کراچی میں ڈیڑھ ماہ قبل گھر کے دروازے پر لڑکی کے قتل کا ڈراپ سین

پڑوسی کیساتھ ناجائز تعلقات کے شبہ پر سگے باپ نے ہی اپنی 16 سالہ بیٹی کی جان لے لی

muhammad ali محمد علی جمعہ 7 جنوری 2022 00:33

کراچی میں ڈیڑھ ماہ قبل گھر کے دروازے پر لڑکی کے قتل کا ڈراپ سین
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 06 جنوری2022ء) کراچی میں ڈیڑھ ماہ قبل گھر کے دروازے پر لڑکی کے قتل کا ڈراپ سین، سگا باپ قاتل نکلا۔ تفصیلات کے مطابق کراچی پولیس ڈیڑھ ماہ قبل ہوئے ایک قتل کے واقعے کی تہہ تک پہنچنے میں کامیاب ہو گئی۔ نجی ٹی وی چینل جیو نیوز کی رپورٹ کے مطابق ڈیڑھ ماہ قبل کراچی کے علاقے گلستان جوہر میں ایک 16 سالہ لڑکی کو گھر کے دروازے پر قتل کر دیا گیا تھا۔

بعد ازاں مقتولہ کے والد نے شارع فیصل تھانے میں اپنی بیٹی کے قتل کو مقدمہ درج کروایا۔ پولیس کے مطابق ایف آئی آر درج ہونے کے بعد کیس کی تحقیقات کا آغاز کیا اور ڈیڑھ ماہ میں ہی قاتل کا سراغ لگا لیا گیا۔ پولیس کے مطابق مقتولہ 16 سالہ لڑکی کو اس کے اپنے والد نے قتل کیا اور بعد میں نامعلوم افراد کے ہاتھوں بیٹی کے قتل کا ڈرامہ رچایا۔

(جاری ہے)

قاتل کو شک تھا کہ اس کی بیٹی نے پڑوسی کیساتھ ناجائز تعلقات استوار کر رکھے ہیں، اس لیے قاتل نے ناصرف اپنی بیٹی بلکہ پڑوسی کو بھی قتل کرنے کا منصوبہ بنایا۔

تاہم جس روز مقتولہ کی جان لی گئی، اسی روز اس کا پڑوسی اپنے اہل خانہ کے ہمراہ گھر چھوڑ کر چلا گیا تھا، اسی باعث قاتل کا پڑوسی کے قتل کا منصوبہ ناکام رہا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ قاتل کو گرفتار کیا جا چکا، ملزم نے اعتراف جرم بھی کر لیا ہے۔