محکمہ زراعت کی کاشتکاروں کو سورج مکھی کی فصل قطاروں میں 2سے اڑھائی فٹ کے درمیانی فاصلہ پر کاشت کرنے کی ہدایت

جمعہ 7 جنوری 2022 18:21

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 07 جنوری2022ء) محکمہ زراعت نے کاشتکاروں کو سورج مکھی کی فصل قطاروں میں کاشت کرنے کی ہدایت کی ہے۔ ماہرین نے کہا ہے کہ کاشتکار و زمیندار اچھی و صحتمند فصل سمیت بہتر پیداوار کے حصول کیلئے سورج مکھی کو قطاروں میں کاشت کریں اور قطاروں کا درمیانی فاصلہ سوا دو سے اڑھائی فٹ تک رکھاجائے۔زمیندار و کاشتکار سورج مکھی کے پودوں کا درمیانی فاصلہ علاقے کی مناسبت سے رکھنے کی جانب خصوصی توجہ دیں تاکہ بعد ازاں انہیں کسی پریشانی کاسامنانہ کرناپڑے۔

انہوں نے بتایاکہ آبپاش علاقوں میں پودوں کا درمیانی فاصلہ 9انچ اور بارانی علاقوں میں 12 انچ تک رکھنے کے مفید نتائج حاصل ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ بیج کو تر وتر حالت میں کاشت کرنا چاہیے نیز ڈرل سے فصل کی کاشت کی صورت میں پہلا پانی لگانے سے پہلے کم از کم ایک مرتبہ گوڈی ضرور کرنی چاہیے تاکہ جڑ ی بوٹیوں کی تلفی ممکن ہو سکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ کاشتکار صرف منظور شدہ اقسام ہی کاشت کریں اور اگر انہیں کسی رہنمائی کی ضرورت ہو تو وہ محکمہ زراعت کے فیلڈسٹاف کی خدمات سے بھی استفادہ کرسکتے ہیں۔

انہوں نے کاشتکاروں کو کماد کی برداشت کے بعد خالی ہونے والی زمینوں میں گندم کاشت نہ کرنے کی بھی ہدایت کی اور کہا کہ کاشتکارکماد کی برداشت کے بعد خالی ہونے والی زمینوں میں گندم کاشت نہ کریں کیونکہ گندم کی کاشت اب پچھیتی ہوگئی ہے اسلئے گندم کی فی ایکڑ پیداوار بھی کم ہوگی لہذا وہ گندم کی بجائے بہاریہ سورج مکھی کاشت کریں جبکہبھاری میرا زمین سورج مکھی کی کاشت کیلئے موزوں ہے۔

انہوں نے کہا کہ کاشتکار زمین کی تیاری کیلئے راجہ یا ڈسک ہل پوری گہرائی تک چلائیں تاکہ پودوں کی جڑیں گہرائی تک جا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت وزیر اعظم کے زرعی ایمرجنسی پروگرام کے تحتسورج مکھی کی منافع بخش کاشت کے فروغ کیلئے کروڑوں روپے سبسڈی اوررجسٹرڈ کسانوں کو سورج مکھی کی کاشت پر بذریعہ واچر فی ایکڑ سبسڈی فراہم کررہی ہے۔انہوں نے کہا کہ اس منصوبہ کے تحت رجسٹر ڈ کسانوں کو سورج مکھی کی کاشت کیلئے 10ایکڑ تک سبسڈی مہیا کی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :