اے این پی کا مری میں برفباری کے باعث اموات پر اظہار افسوس

برفباری اور راستوں کی بندش کے باعث سیاحوں کی ا موات افسوسناک ہے، پورے ملک میں بدانتظامی اور نااہلی عروج پر ہے، امیر حیدر ہوتی اے این پی جاں بحق افراد کے اہل خانہ کے ساتھ دکھ کی اس گھڑی میں شریک ہے،راستوں کی بندش کی وجہ سے اموات حکومت کی مجرمانہ غفلت ہے، بیان

ہفتہ 8 جنوری 2022 19:41

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 جنوری2022ء) عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی سینئر نائب صدر امیر حیدر خان ہوتی نے مری میں برفباری اور راستوں کی بندش کے باعث اموات پر شدید افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پورے ملک میں بدانتظامی اور نااہلی عروج پر ہے۔ مری اور دیگر علاقوں میں برفباری اور راستوں کی بندش کے باعث سیاحوں کی اموات افسوسناک ہے۔

اے این پی جاں بحق افراد کے اہل خانہ کے ساتھ دکھ کی اس گھڑی میں شریک ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پچھلے ایک ہفتے سے ملک بھر میں بارشوں اور برفباری کا سلسلہ جاری ہے لیکن حکومت خواب خرگوش کے مزے لے رہی تھی۔ راستے کی بندش کی وجہ سے نا صرف سیاح بلکہ مقامی آبادی بھی مشکلات کا شکار ہیں۔ حکومت اور انتظامیہ عوام کو ریلیف پہنچانے میں ناکام ہیں۔

(جاری ہے)

ایک طرف ملک میں مہنگائی اور بے روزگاری نے عوام کاجینا اجیرن کیا ہوا ہے تو دوسری جانب حکومت اس طرح کی قدرتی آفات میں عوام کا سہارا بننے سے قاصر ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقامی آبادی اور سیاحوں کو پہلے سے صورتحال کی سنگینی سے آگاہ نہ کرنا حکومت کی نااہلی اور نالائقی ہے۔ انتظامیہ اگر بروقت اقدامات کرتی تو قیمتی جانیں ضائع نہیں ہوتیں۔ راستوں کی بندش کی وجہ سے اموات حکومت کی مجرمانہ غفلت ہے۔ انتظامیہ سیاحوں کی فی الفور مدد کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کرے اور متاثرہ علاقوں سے عوام اور سیاحوں کو نکالنے کیلئے بروقت ریسکیو آپریشنز یقینی بنائے۔