ارشد ندیم اور یاسر علی کو بین الاقوامی ایونٹس کی تیاری کے سلسلہ میں تربیت کیلئے جلد سائوتھ افریقہ بھجوا رہی ہے۔ میجرجنرل اکرم ساہی

ایشین گیمز، کامن ویلتھ گیمز اور عالمی چمپئن شپ کی تیاری تک دونوں اتھلیٹ سائوتھ افریقہ میں تربیت جاری رکھیں گے، گفتگو

منگل 18 جنوری 2022 13:48

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جنوری2022ء) پاکستان اتھلیٹکس فیڈریشن کے صدر میجرجنرل ریٹائرڈ محمد اکرم ساہی نے کہا ہے کہ پاکستان اتھلیٹکس فیڈریشن اولیمپئن ارشد ندیم اور یاسر علی کو بین الاقوامی ایونٹس کی تیاری کے سلسلہ میں جولین تھرو کی تربیت کے لئے جلد سائوتھ افریقہ بھجوا رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ ایشین گیمز، کامن ویلتھ گیمز اور عالمی چمپئن شپ روواں سال منعقد ہونگی اور پاکستان اتھلیٹکس فیڈریشن نے دونوں اتھلیٹ اولیمپیئن ارشد ندیم اور یاسر علی کو جدید اور اعلی تربیت دلانے کے لئے سائوتھ افریقہ بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اکرم ساہی نے کہاکہ ایشین گیمز، کامن ویلتھ گیمز اور عالمی چمپئن شپ کی تیاری تک دونوں اتھلیٹ سائوتھ افریقہ میں تربیت جاری رکھیں گے اور ان کی تربیت کے تمام اخراجات پاکستان اتھلیٹکس فیڈریشن خود برداشت کرے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس سے قبل پاکستان اتھلیٹکس فیڈریشن ارشد ندیم کو چین، ایران اور ترکی بھی تربیت کیلئے بھیج چکی ہے اور وہ قازقستان کرونا کے باعث نہ جا سکے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ دونوں کھلاڑیوں کے پاسپورٹ ویزے کے سلسلہ میں سفارت خانے میں بھیجے ہوئے ہیں اور ویزے ملنے کے بعد یہ دونوں کھلاڑی تربیت کے لئے جلد سائوتھ افریقہ رووانہ ہوجائیں گے،دونوں اتھلیٹ اس وقت لاہور میں اپنی پریکٹس جاری رکھے ہوئے ہیں۔

قومی اتھلیٹکس چمپئن شپ کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں اکرم ساہی نے کہاکہ پاکستان اتھلیٹکس فیڈریشن قومی اتھلیٹکس چمپئن شپ مارچ میں لاہور میں منعقد کروانے پر غور کررہی ہے جیسے ہی کروناوائرس کیباعث ملکی حالات بہتر ہوتے ہیں ایونٹ کی تاریخ کاباقاعدہ اعلان کردیا جائے گا۔