لاہور میں ظالم شخص نے اپنی 15 سالہ بیٹی کو مبینہ زیادتی کا نشانہ بنا دیا

متاثرہ لڑکی حاملہ ہو گئی، والدہ نے شوہر کیخلاف مقدمہ درج کروا دیا، ملزم گرفتار کر لیا گیا

muhammad ali محمد علی پیر 24 جنوری 2022 22:16

لاہور میں ظالم شخص نے اپنی 15 سالہ بیٹی کو مبینہ زیادتی کا نشانہ بنا ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 24 جنوری2022ء) لاہور میں ظالم شخص نے اپنی 15 سالہ بیٹی کو مبینہ زیادتی کا نشانہ بنا دیا۔ تفصیلات کے مطابق لاہور کے علاقے رائیونڈ میں انتہائی دلخراش واقعہ پیش آنے کا انکشاف ہوا ہے۔ نجی ٹی وی چینل جیو نیوز کی رپورٹ کے مطابق رائیونڈ میں مقیم ظالم شخص اپنی ہی 15 سالہ معصوم بیٹی کی عزت کا دشمن بن گیا۔ رپورٹ کے مطابق ملزم کی اہلیہ کی جانب سے پولیس کو دی گئی شکایت میں موقف اختیار کیا گیا کہ اس کے شوہر نے 15 سالہ بیٹی کو زیادتی کا نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں بچی حاملہ ہو گئی۔

خاتون کی جانب سے درج کروائی گئی شکایت کے بعد پولیس نے مقدمہ درج کر لیا۔ مقدمے کے اندراج کے بعد ملزم کو بھی گرفتار کر لیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔

(جاری ہے)

یہاں واضح رہے کہ ایک سال کے دوران لاہور میں زیادتی کے کیسز میں تشویش ناک اضافہ ہوا ہے۔ نجی ٹی وی چینل سٹی 42 کی رپورٹ میں پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں جنسی زیادتی کے کیسز کے تشویش ناک اعداد و شمار پیش کیے گئے ہیں۔

رپورٹ میں انکشاف کیا گیا کہ گزشتہ ایک سال کے دوران ملک کے دوسرے بڑے شہر لاہور میں درجنوں خواتین کو اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنا دیا گیا۔ رپورٹ کے مطابق صوبائی دارالحکومت لاہور کے تھانوں میں گیارہ ماہ کے دوران جنسی زیادتی کے کل 481 جبکہ اجتماعی جنسی زیادتی کے 26 واقعات رپورٹ ہوئے۔ اس کے علاوہ تیزاب گردی کے بھی 3 واقعات رپورٹ ہوئے۔

رپورٹ میں پنجاب کے 5 شہروں کو خواتین کیلئے حساس ترین قرار دیا گیا ہے۔ انکشاف کیا گیا ہے کہ خواتین کیلئے غیر محفوظ قرار دیے گئے 5 شہروں میں گزشتہ ایک سال کے دوران 286 خواتین قتل کی گئیں۔ خواتین کے قتل کی وارداتوں کے حوالے سے لاہور سب سے خطرناک شہر رہا جہاں خواتین کے قتل کی 89 وارداتیں ہوئیں۔ جبکہ فیصل آباد خواتین کے قتل کی وارداتوں کے حوالے سے 66 واقعات کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہا۔

راولپنڈی میں 48 حوا کی بیٹیاں، گوجرانوالہ میں 42، سرگودھا میں 41 قتل کی گئیں۔ رپورٹ کے مطابق گزشتہ ایک سال کے دوران صوبائی دارالحکومت لاہور میں خواتین کے اغواء کے 136 واقعات،گھریلو تشدد کے 134، اقدام قتل کے 38 واقعات رپورٹ ہوئے۔ جبکہ غیرت کے نام پہ قتل کے سب سے ذیادہ 15 واقعات فیصل آباد میں رپورٹ ہوئے۔ یاد رہے وفاقی حکومت کا دعویٰ ہے کہ جنسی زیادتی کے جرم کی روک تھام کیلئے موثر قانون سازی کے ذریعے سخت ترین سزاوں کو یقینی بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔