پاکستانی شائقین نے مجھے پاک بھارت میچ کی اہمیت کا احساس دلایا: محمد رضوان

شائقین، میڈیا کے ردعمل نے احساس دلایا کہ بھارت کیخلاف کھیلنا معمولی بات نہیں، کسی دوسرے مخالف کیخلاف کھیلنے کے مقابلے میں بہت کچھ داؤ پر لگا ہوا ہے: وکٹ کیپر بلے باز

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 25 جنوری 2022 17:13

پاکستانی شائقین نے مجھے پاک بھارت میچ کی اہمیت کا احساس دلایا: محمد ..
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 25 جنوری 2022ء ) ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ 2022ء کا شیڈول سامنے آتے ہی 23 اکتوبر کو ہونے والے پاک بھارت ٹائی نے ایک بار پھر اہمیت اختیار کرلی ہے۔ پاکستان نے گزشتہ سال آئی سی سی ایونٹ میں بھارت کے خلاف اپنی پہلی فتح درج کی تھی۔ اس دن شاہین آفریدی، محمد رضوان اور بابر اعظم ہیرو بن کر ابھرے۔ گزشتہ سال کے بہترین ٹی ٹونٹی کرکٹر کا ایوارڈ اپنے نام کرنے والے قومی وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان نے اس میچ کو یاد کیا ۔

ان کا کہنا تھا کہ میچ سے قبل ایک ہندوستانی چینل کے ساتھ ایک انٹرویو کا اہتمام کیا گیا جس نے مجھ سے پوچھا کہ اعصاب کیسے ہیں ؟، میں نے انہیں صرف اتنا بتایا کہ میرے لئے ہندوستان کے خلاف کھیلنا کسی دوسرے مخالف کے خلاف کھیلنے کے مترادف ہے، جب تک ہم جیت نہیں گئے، میرے لیے یہ صرف ایک اور میچ تھا۔

(جاری ہے)

۔ چونکہ پاکستان کئی دہائیوں سے فتح کے لیے ترس رہا تھا اور جس انداز میں پاکستان نے ہندوستان کو شکست دی اس کے باعث پاکستانیوں نے جم کر جشن منایا تھا ۔

رضوان نے مزید کہا کہ فتح کے بعد شائقین اور میڈیا کے ردعمل نے مجھے یہ احساس دلایا کہ بھارت کے خلاف کھیلنا کوئی معمولی بات نہیں ہے کیونکہ کسی دوسرے مخالف کے خلاف کھیلنے کے مقابلے میں بہت کچھ داؤ پر لگا ہوا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جب ہم بنگلہ دیش کے دورے سے واپس آئے تو مجھے سب کی طرف سے پیار محسوس ہوا اور ہر کوئی بہت خوش تھا اور ہمیں اپنا پیار دے رہا تھا۔ یہ ناقابل یقین تھا۔ پاکستان 23 اکتوبر کو ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے خلاف دنیا کے بہترین مقامات میں سے ایک میلبورن کرکٹ گراؤنڈ پر کھیلے گا۔ دونوں ممالک کے درمیان ایک بار پھر مقابلے کا انتظار کرتے ہوئے محمد رضوان نے کہا کہ وہ خاص طور پر شائقین کی وجہ سے بھارت کے خلاف میچ کا انتظار کر رہے ہیں۔