وزیراعلیٰ خیبرپختونخواکی گرگری میں نجی کمپنی کے تیل کے کنویں پرمسلح افراد کی فائرنگ کے واقعے کی شدیدمذمت

جمعرات 27 جنوری 2022 21:47

وزیراعلیٰ خیبرپختونخواکی گرگری میں نجی کمپنی کے تیل کے کنویں پرمسلح ..
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 جنوری2022ء) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کرک کے علاقہ گرگری میں نجی کمپنی کے تیل کے کنویں پرمسلح افراد کی فائرنگ کے واقعے کی شدیدالفاظ میں مذمت کرتے ہوئے واقعے میں ایک سکیورٹی گارڈ کے جاں بحق ہونے پر لواحقین سے تعزیت اور دلی ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے پولیس کو کمپنی کے مغوی سپروائزر کی بازیابی کیلئے بروقت اقدامات کی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ سپروائزر کی بحفاظت بازیابی کیلئے تمام تر اقدامات کو یقینی بنایا جائے۔

وزیراعلیٰ نے پولیس کو صوبے میں تیل نکالنے والی کمپنیوں کی سکیورٹی کو بہتر بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاہے کہ آئندہ اس طرح کے ناخوشگوار واقعات کی روک تھام کیلئے پیشگی اور موثر اقدامات اٴْٹھائے جائیں۔ انہوں نے مغوی سپروائزر کی بحفاظت بازیابی کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔