گوجرہ،موٹرسائیکل سواروں کی پولیس وین پر فائرنگ سے 2 زیر حراست ڈاکو ہلاک

اتوار 30 جنوری 2022 14:20

گوجرہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 جنوری2022ء) گوجرہ کے نواحی گاؤں 298ج ب کے قریب دو موٹر سائیکل سواروں کی پولیس وین پر فائرنگ سے زیرحراست 2 ڈاکو مارے گئے۔تھانہ سٹی پولیس عتیق عرف تیقا اور اویس کو انکی نشاندہی پر برآمدگی کیلئے لے جا رہی تھی کہ ان کے دو موٹرسائیکل سوار مسلح ساتھیوں نے انہیں چھڑوانے کے لیے پولیس وین پر اندھا دھند فائرنگ کر دی۔

(جاری ہے)

ملزمان کی فائرنگ سے ان کے اپنے ہی زیر حراست دونوں ساتھی عتیق عرف تیقا اور اویس زخمی ہو گئے۔پولیس کی جوابی فائرنگ سے موٹرسائیکل سوار ملزمان فرار ہو گئے، پولیس نے دونوں زخمی ڈاکوؤں کو ہسپتال منتقل کیا جہاں وہ جانبر نہ ہو سکے۔جاں بحق دونوں ڈاکو خطرناک ڈکیت گینگ کے سرغنہ تھے اور جسمانی ریمانڈ پر پولیس کی حراست میں تھے، پولیس نے فائرنگ کرنے والوں کی گرفتاری کے لئے ناکہ بندی کر دی۔