لیسکو کے میٹر ریڈرز نے قلم چھوڑ ہڑتال کر دی

جمعہ 11 فروری 2022 23:15

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 فروری2022ء) لاہور کی بجلی کی تقسیم کار کمپنی (لیسکو ) کے میٹر ریڈرز نے قلم چھوڑ ہڑتال کر دی جس سے رواں ماہ کی میٹر ریڈنگ اور بجلی کے بلوں کے اجراء میں تاخیر پیدا ہونے کا خدشہ ہے، ہڑتال کی وجہ لیسکو حکام کی جانب سے جاری کیا گیا ایک سرکلر بتایا جاتا ہے جس میں لیسکو حکام نے تمام میٹر ریڈرز کو بجلی صارفین کے میٹروں کی ریڈنگ 100فیصد تصاویر کے ساتھ کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں جس کا مقصد بجلی صارفین کی جانب سے کی جانے والی اوور بلنگ کی شکایات کا خاتمہ ہے جبکہ میٹر ریڈرز نے مذکورہ سرکلر پر اپنے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کام بند کر دیا ہے اور جاری سرکلر واپس لینے کا مطالبہ کیا ہے واضح رہے کہ اس سے قبل میٹر ریڈرز 95فیصد بلنگ تصاویر کے ساتھ کرتے تھے جس پر میٹر ریڈرز کو پانچ ہزار روپے ماہانہ ملا کرتے تھے۔