آرمی چیف کا دہشت گردوں کو شکست دینے کیلئے ان کے سہولت کاروں کے ساتھ گٹھ جوڑ ختم کرنا کے عزم کا اعادہ

دہشت گردوں کو شدید محنت سے حاصل کردہ کامیابیاں رائیگاں نہیں کرنے دیں گے، بلوچستان میں ملک دشمن عناصر کی سازشیں ناکام بنانے کیلئے جوان اپنی آپریشنل تیاریاں برقرار رکھیں ، سربراہ پاک فوج آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پنجگور کا دورہ، 2 فروری کا دہشت گردوں کا حملہ پسپا کرنیوالے جوانوں کیساتھ دن گزارا

ہفتہ 12 فروری 2022 23:05

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 فروری2022ء) پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجو ہ نے ایک بار پھر دہشت گردوں کو شکست دینے کیلئے ان کے سہولت کاروں کے ساتھ گٹھ جوڑ ختم کرنا کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردوں کو شدید محنت سے حاصل کردہ کامیابیاں رائیگاں نہیں کرنے دیں گے۔ ہفتہ کو آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بلوچستان کے علاقے پنجگور کا دورہ کیا، آرمی چیف نے دہشت گردوں کا حملہ پسپا کرنیوالے جوانوں کیساتھ دن گذارا۔

آرمی چیف کو مقامی کمانڈر نے سیکیورٹی صورتحال سمیت ابھرتے خطرات سے نمٹنے کیلئے اٹھائے گئے اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے دہشت گردوں کے حالیہ حملوں کا بہادری سے جواب دینے کو سراہا۔

(جاری ہے)

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے زور دیا کہ جوان اپنی آپریشنل تیاریاں برقرار رکھیں تاکہ بلوچستان میں ملک دشمن عناصر کی سازشیں ناکام بنائی جاسکیں، انہوں نے زور دیا کہ مقامی آبادی کا تحفظ اور سیکیورٹی یقینی بنائیں۔

آرمی چیف نے مادر وطن کا دفاع کرتے ہوئے فرض کی ادائیگی میں جان کا نذرانہ پیش کرنیوالے شہداء کو بھرپور خراج عقیدت پیش کیا، بعدازاں آرمی چیف کی پنجگور میں قبائلی عمائدین سے بھی ملاقات ہوئی، جس کے دوران آرمی چیف نے عمائدین کی قانون نافذ کرنے والے اداروں کی حمایت کو سراہتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کو مکمل شکست دینے کیلئے دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کا گٹھ جوڑ ختم کرنا ہوگا۔

آرمی چیف نے علاقے کی ترقی اور استحکام کیلئے عمائدین کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ سماجی اقتصادی ترقی کے منصوبے بروقت مکمل کئے جائیں گے، دہشت گردوں کو شدید محنت سے حاصل کردہ کامیابیاں رائیگاں نہیں کرنے دیں گے، آرمی چیف کے پنجگور پہنچنے پر کور کمانڈر کوئٹہ لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی نے ان کا استقبال کیا۔