روس نے ماریوپول کا کنٹرول سنبھال لیا ،1478 یوکرینی فوجیوں نے گرفتاری پیش کر دی،روسی وزارت دفاع

جمعہ 22 اپریل 2022 10:50

ماسکو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اپریل2022ء) روس نے یوکرین کے شہر ماریوپول کا کنٹرول سنبھال لیا ہے۔روس کے صدر ولادی میر پوتن نے ماریوپول پر کنٹرول کو ایک کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ آزوسٹال سٹیل مل سے نکلنے والے یوکرینی باشندوں کو امان دی جائے گی۔ تفصیلات کے مطابق روس کی وزارت دفاع نے یوکرین کے شہر ماریوپول پر قبضے کا دعوی کیا ہے۔

روس خبر رساں ایجنسی تاس کے مطابق روس کے وزیر دفاع سرگے شوئے گو نے صدر ولادی میر پوتن کو ماریوپول کی تازہ صورتحال کے بارے میں رپورٹ دی ہے اور کہا ہے کہ روس مسلح افواج نے شہر کا کنٹرول سنبھال لیا ہے۔شوئے گو نے کہا ہے کہ 1478 یوکرینی فوجیوں نے گرفتاری پیش کر دی ہے تاہم ماریوپول کی آزوسٹال فیکٹری میں ابھی تک 2 ہزار سے زائد یوکرینی جنگجو موجود ہیں۔

(جاری ہے)

صدر پوتن کو پیش کردہ رپورٹ میں انہوں نے کہا ہے کہ ایک لاکھ 42 ہزار سے زائد شہریوں کو شہر سے نکال لیا گیا ہے۔ آزوسٹال فیکٹری کو محفوظ شکل میں محاصرے میں لے لیا گیا ہے اور شہر میں حالات پُر سکون ہیں۔صدر ولادی میر پوتن نے ماریوپول میں کامیاب آپریشن پر شوئے گو کو مبارکباد پیش کی ہے اور کہا ہے کہ ماریوپول پر کنٹرول ایک کامیابی ہے، آزوسٹال سے نکلنے والے یوکرینی باشندوں کو امان دی جائے گی۔صدر پوتن نے کہا ہے کہ آزوسٹال فیکٹری پر حملہ نہ کیا جائے بلکہ اسلحہ پھینکنے والے یوکرینی فوجیوں کے ساتھ اچھا سلوک کیا جائے۔اطلاع کے مطابق صدر پوتن نے شہر کی تنصیبات پر حملے کی بجائے انہیں محاصرے میں لینے کے احکامات جاری کئے ہیں۔