رضا باقر کی مدت ملازمت ختم، حکومت نے قائم مقام گورنر اسٹیٹ بینک کے نام کا اعلان کر دیا

نئی تعیناتی تک ڈپٹی گورنر مرتضیٰ سید گورنراسٹیٹ بینک کے امور سر انجام دیں گے، نئے مستقل گورنر مرکزی بینک کی تعیناتی ایک ماہ میں کر دیے جانے کا امکان

muhammad ali محمد علی جمعرات 5 مئی 2022 19:15

رضا باقر کی مدت ملازمت ختم، حکومت نے قائم مقام گورنر اسٹیٹ بینک کے نام ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 05 مئی2022ء) رضا باقر کی مدت ملازمت ختم، حکومت نے قائم مقام گورنر اسٹیٹ بینک کے نام کا اعلان کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت نے رضا باقر کی بطور گورنر اسٹیٹ بینک مدت ملازمت میں توسیع نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ رضا باقر کی 3 سالہ مدت ملازمت ختم ہونے کے بعد حکومت نے ڈپٹی گورنر مرتضیٰ سید کو قائم مقام گورنر کی ذمے داریاں سونپ دی ہیں۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق نئے گورنر کی تعیناتی تک ڈپٹی گورنر مرتضیٰ سید گورنراسٹیٹ بینک کے امور سر انجام دیں گے، نئے مستقل گورنر مرکزی بینک کی تعیناتی ایک ماہ میں کر دیے جانے کا امکان ہے۔ اس حوالے سے وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ گورنراسٹیٹ بینک رضا باقر کے عہدے کی مدت ختم ہوگئی جس کے بعد نئی تعیناتی تک ڈپٹی گورنر مرتضیٰ سید گورنراسٹیٹ بینک کے امور سرانجام دیں گے۔

(جاری ہے)

مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ ڈاکٹرمرتضیٰ سید مستند ماہر معاشیات ہیں اور انہیں آئی ایم ایف کے ساتھ کام کرنیکا وسیع تجربہ ہے۔ قانون کے مطابق حکومت ایک ماہ میں مستقل گورنر اسٹیٹ بینک تعینات کرنے کی پابند ہے۔ دوسری جانب اپنی مدت ملازمت ختم ہونے پر رضا باقر کی جانب سے بھی بیان جاری کیا گیا۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ اللہ نے ملک کی خدمت کا موقع دیا، اسٹیٹ بینک کے گورنر کی حیثیت سے میرے 3 سال مکمل ہو گئے۔

ان 3 سالوں کے دوران 4 وزرائے خزانہ اور 5 فنانس سیکریٹریوں کے ساتھ کام کیا، میرا کام اسٹریٹجک وژن فراہم کرنا تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کی حوصلہ افزائی کا شکریہ ادا کرتا ہوں، ڈپٹی گورنرز اور اسٹیٹ بینک مینجمنٹ ٹیم کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں، میری نظرمیں آپ ہمارے معاشی استحکام کیلئے ایک ستون ہیں۔ ہمیں کئی چیلنجز کا سامنا ہے اور مجھے یقین ہے ہم آنے والے چیلنجوں پر قابو پانے کیلئے صحیح انتخاب کریں گے۔ واضح رہے کہ رضا باقر کو تحریک انصاف کی سابقہ حکومت کی جانب سے 2019 میں گورنر اسٹیٹ بینک تعینات کیا گیا تھا۔