انفرادی اصلاح سے ہی اجتماعی ترقی ممکن ہے، ڈائریکٹر جنرل چارٹر آف انسپکشن اینڈ ایولیویشن نعمان احسن

طلباکی مستقبل میں شعور اور آگہی فراہم کرنے والے ادارے انسٹیٹیوٹ آف اکنامکس اینڈ ٹیکنالوجی کا تصور، تعبیر اور تقاضے کے موضوع پر تقریب کا انعقاد

جمعہ 6 مئی 2022 23:43

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 مئی2022ء) شہر قائد کے مشہور و معروف تعلیمی ادارہ انسٹیٹیوٹ آف اکنامکس اینڈ ٹیکنالوجی جو نہ صرف طلباکے مستقبل کی شعور اور آگہی فراہم کرنے میں اپنا ایک منفرد مقام رکھتا ہے وہاں طلباکی سماجی، اخلاقی، ذہنی اور معاشرتی نشوونما کی بیداری کے لیے منفرد اور نت نئے پروگرام منعقد کرتا ہے جس سے طلبامیں وطن اور معاشرے سے ہم آہنگی اور قدروں کا لحاظ جیسے اہم عناصر بیدار ہوتے ہیں۔

ایسی ہی ایک تقریب نارتھ کراچی کے سوشل سوسائٹی کے طلباکے زیر اہتمام انعقاد کیاگیا۔ گزشتہ روز یوم پاکستان کے حوالے سے اس یوم کو تصور، تعبیر اور تقاضے کا نام دیاگیا۔ تقریب کا آغاز صدارتی ایوارڈ یافتہ قاری حامد محمود صاحب کی تلاوت، کلام پاک سے ہوا۔

(جاری ہے)

بعد ازاں نعت رسولﷺ کی سعادت بھی انہیں حاصل ہوئی۔ تقریب کا باقاعدہ آغاز قومی ترانہ سے کیاگیا۔

اس تقریب کی کے مہمانِ خصوصی چارٹر آف انسپکشن اینڈ ایولیویشن کے ڈائریکٹر جنرل نعمان احسن تھے۔ انہوں نے دورانِ خطاب طلباو طالبات کی اس کاوش کو سراہا اور کتاب اور صاحب کتاب کے حوالے سے گفتگو کی، نوجوانوں پر زور دیتے ہوئے انہوں نے اپنی ذمہ داریوں کا تعین خود کرنے کی تلقین کی اور کہاکہ انفرادی اصلاح سے ہی اجتماعی ترقی ہوسکتی ہے۔ ہم کیوں بھول جاتے ہیں کہ اس وطن نے ہمیں سب تشخص، مذہبی آزادی، گفتگو، سوچ کا حق دیا ہے۔

یہ وطن نہیں تو خاکم بدھن ہم بھی نہیں۔ ہم سب اپنے طور پر اپنے فرائض ادا نہیں کرتے بس حق کی بات کرتے ہیں۔ اس سے معاشرے میں بگاڑ پیدا ہورہا ہے، سینئر تجزیہ کار آغا مسعود نے بھی معاشرے کی بے حسی اور پاکستان پر اس کے پڑنے والے اثرات کے حوالے سے نوجوانوں سے گفتگو کی۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ رشوت، اقرباپروری، خود غرضی، جیسے عناصر سے دور رہ کر ملک و قوم کی ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں اور ان برائیوں کا آگے بڑھ کر قلع قمع کردیں، تقریب کے مہمانِ اعزازی سینئرتجزیہ کار غازی صلاح الدین تھے، نہایت مشفقانہ گفتگو کرتے ہوئے نوجوانوں کو ماضی، حال اور مستقبل میں پاکستان کی جغرافیائی اہمیت اور اس تناظر میں بیرونی عناصر کی سازشوں کا ذکر کیا اور اپنے کردار کو مضبوط رکھنے کی تلقین بھی کی اور اصل تبدیلی کا مرکز اپنا باطن قرار دیا تاکہ اس سے وطن عزیز کی ترقی ہوسکے، مہمانِ اعزازی طارق مغل (سندھ پولیس) نے بھی رویوں کے تناظر میں طلباو طالبات نور قانون اور اس کی پاسداری کے حوالے سے کافی مفید معلومات دیں اور حب الوطنی کے تقاضے کو سب سے مقدم رکھنے پر زور دیا، کالج آف مینجمنٹ سائنس کے ڈائریکٹر ڈاکٹر عدنان انور نے بھی تقریب کے شرکاپر زور دیا کہ تعلیم کتاب کا نام ہے اور تربیت اس طرح فکری نشست منعقد کرنے سے ہوتی ہے، نارتھ کیمپس کے ڈائریکٹر سید سلمان نے آخر میں تمام مہمانانِ گرامی کا شکریہ ادا کیا اور طلباو طالبات کے لیے مزید ایسے سینئر، اساتذہ کرام سے استفادہ حاصل کرنے کی اہمیت پر زور دیا، اس تقریب میں سینئر پروفیسر جلال، ڈاکٹر سحر قبول، صوفیہ شیخ،ڈاکٹرعاطف عزیز، عاصم مبشر نے بھی شرکت کی پروقار تقریب کی نظامت کے فرائض علمی ادبی اور مشہور و معروف اسکالر پروفیسر ڈاکٹر ساجدہ پروین نے انجام دیے۔

آخر میں تمام مہمانانِ گرامی میں شیلڈز اور پھولوں کے تحائف تقسیم کیے گئے۔ نارتھ کراچی کرکٹ ٹیم کے کپتان عبداللہ اعظم کو بھی ان کی بہترین کارکردگی پرشیلڈ دی گئی۔