وزیر مملکت برائے خارجہ امور کی یوکرین کے لیے اعلیٰ سطحی بین الاقوامی ڈونرز کانفرنس میں ورچول شرکت

جمعہ 6 مئی 2022 22:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 مئی2022ء) وزیر مملکت برائے خارجہ امور حنا ربانی کھر نے وارسا، پولینڈ میں منعقدہ اعلیٰ سطحی بین الاقوامی ڈونرز کانفرنس برائے یوکرین میں ورچول شرکت کی۔ وزیر مملکت نے یوکرائنی عوام کے لیے انسانی امداد کے لیے کانفرنس کے انعقاد پر پولینڈ کے وزیر اعظم اور سویڈن کے وزیر اعظم کی کوششوں کو سراہا۔

(جاری ہے)

انہوں نے جنگ کے جاری رہنے، شہریوں کی بڑھتی ہوئی ہلاکتوں، بگڑتی ہوئی انسانی صورتحال اور پناہ گزینوں کے بحران پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔ وزیر مملکت نے اقوام متحدہ کے چارٹر کے اصولوں کے ہمہ گیر اور مستقل اطلاق کے لیے پاکستان کے اصولی موقف کا اعادہ کیا تاکہ دیرپا امن و سلامتی کو یقینی بنایا جاسکے۔ وزیر مملکت نے کہا کہ پاکستان کا یہ مطالبہ دہرایا کہ یوکرین کے تنازعے کو جلد از جلد مذاکرات اور سفارت کاری سے حل کیا جائے۔ وزیر مملکت نے کہا کہ پاکستان یوکرائنی عوام کے لیے انسانی امداد کی دوسری کھیپ روانہ کرنے کے عمل میں ہے۔ پہلی کھیپ مارچ میں پہنچائی گئی، جس میں خوراک اور ادویات سمیت 15 ٹن سے زیادہ امدادی سامان شامل تھا۔