آرمی چیف کی متحدہ عرب امارات کے نو منتخب صدر سے ملاقات

جنرل قمر جاوید باجوہ نے مرحوم شیخ خلیفہ بن زاید آل نہیان کی وفات پر تعزیت کی

Sajid Ali ساجد علی منگل 17 مئی 2022 16:27

آرمی چیف کی متحدہ عرب امارات کے نو منتخب صدر سے ملاقات
ابو ظہبی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 17 مئی 2022ء ) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی متحدہ عرب امارات کے نو منتخب صدر شیخ محمد بن زاید آل نہیان سے ملاقات ہوئی ہے ۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان میں یو اے ای کے سفارتخانے کی جانب سے جاری کیے گئے ایک ٹویٹ میں بتایا گیا ہے کہ متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زايد آل نہيان نے پاكستان كے بری افواج كے سپہ سالار جنرل قمر جاوید کا استقبال کیا جنہوں نے مرحوم شیخ خلیفہ بن زاید آل نہیان کی وفات پر تعزیت کی ۔

 

خیال رہے کہ متحدہ عرب امارات کے صدر اور ابوظہبی کے حکمران شیخ خلیفہ بن زید آل نہیان 13 مئی کو انتقال کرگئے تھے ، شیخ خلیفہ بن زید آل نہیان کے انتقال پر متحدہ عرب امارات نے 40 دن کے سوگ کا اعلان کیا جب کہ 3 روزہ عام تعطیل کا بھی اعلان کیا گیا ۔

(جاری ہے)

شیخ خلیفہ نے 73 سال کی عمر میں انتقال کیا ، وہ 1948 میں پیدا ہوئے تھے ، شیخ خلیفہ بن زاید آل نہیان نے 3 نومبر 2004 سے متحدہ عرب امارات کے صدر اور ابوظہبی کے حکمران کی حیثیت سے خدمات انجام دیں ، شیخ خلیفہ بن زید آل نہیان یو اے ای کے دوسرے صدر اور شیخ زید کے سب سے بڑے بیٹے تھے ، انہوں نے یو اے ای کی ترقی اور خوشحالی میں اہم کردار ادا کیا ، شیخ خلیفہ بن زید آل نہیان نے یو اے ای کے لیے پہلا اسٹریٹجک منصوبہ بنایا ، شیخ خلیفہ کے دور میں یو اے ای نے تیز رفتار ترقی دیکھی ۔

متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ خلیفہ بن زید آل نہیان کے انتقال پر پاک فوج کی جانب سے افسوس کا اظہار کیا گیا ، پاک فوج کے ترجمان نے کہا کہ چیف آف آرمی سٹاف اور پاک فوج کے تمام رینک متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ خلیفہ بن زید آل نہیان کے انتقال پرافسوسناک اور دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہیں ۔  آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاکستان نے ایک عظیم دوست کھو دیا ہے ، اللہ تعالیٰ ان کی روح کو سکون دے اور سوگوار خاندان کو یہ ناقابل تلافی نقصان برداشت کرنے کی ہمت دے۔