اثاثہ جات کیس میں اسحاق ڈار کے ایک بار پھر دائمی وارنٹ گرفتاری جاری

اسحاق ڈار کی گرفتاری اور پیشی تک کارروائی آگے نہیں بڑھے گی ‘ شریک ملزمان کی بریت کی درخواستوں پر فیصلہ بھی اسحاق ڈار کی گرفتاری سے مشروط کرتے ہیں ۔ احتساب عدالت اسلام آباد کا حکم

Sajid Ali ساجد علی بدھ 18 مئی 2022 10:52

اثاثہ جات کیس میں اسحاق ڈار کے ایک بار پھر دائمی وارنٹ گرفتاری جاری
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 18 مئی 2022ء ) احتساب عدالت نے اثاثہ جات ریفرنس میں اسحاق ڈار کے ایک بار پھر دائمی وارنٹ گرفتاری جاری کردیے ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق احتساب عدالت اسلام آباد کے جج محمد بشیر نے ریفرنس پر سماعت کی ، نیب پراسیکیوٹر اور شریک ملزمان کے وکلاء احتساب عدالت اسلام آباد میں پیش ہوئے ، اس دوران عدالت نے احتساب عدالت اسلام آباد نے ریفرنس کا فیصلہ اسحاق ڈار کی گرفتاری سے مشروط کر دیا اور حکم دیا کہ اسحاق ڈار کی گرفتار ی اور پیشی تک ریفرنس کی کارروائی آگے نہیں بڑھے گی جب کہ شریک ملزمان کی بریت درخواستوں پر فیصلہ بھی اسحاق ڈار کی گرفتاری سے مشروط کرتے ہیں ۔

واضح رہے کہ نیب نے پانامہ کیس میں سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں شریف خاندان پر 3 جب کہ اسحاق ڈار پر زائد اثاچہ جات کا ایک ریفرنس دائر کیا ہے ، دوسری جانب حکومت نے سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو پاسپورٹ جاری کردیا ، اسحاق ڈار نے پاسپورٹ ملنے کی تصدیق کردی،ان کوعام پاکستانی پاسپورٹ جاری کیا گیاہے ، اس حوالے سے سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے پاسپورٹ کیلئے لندن سفارتخانے میں اپنے دستاویزت جمع کروائی تھیں۔

(جاری ہے)

ادھر پاکستان مسلم لیگ ن کے سابق وزیرخزانہ اسحاق ڈار کو ان کا لاہور کے علاقے گلبرگ میں واقع گھرہجویری ہاؤس واپس مل گیا ، ضلعی انتظامیہ کی جانب سے اسحاق ڈار کے ذاتی ملازم جعفر منصور کو بھی بلایا گیا اور ان سے کہا گیا کہ قیمتی اشیاء اور فرنیچر کی سیٹنگ اپنی مرضی سے کروا لیں لیکن جعفر منصور نے کہا کہ وہ صرف لسٹ کے مطابق قیمتی اشیاء واپس لیں گے، ضلعی انتطامیہ کا کہنا ہے کہ فی الحال آپ اپنا سامان رکھ لیں بعد میں لسٹ بھی فراہم کردی جائے گی۔

یاد رہے کہ رواں سال 31 جنوری 2022ء کو اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی اہلیہ کی لاہور میں گھر نیلامی کے خلاف درخواست مسترد کردی تھی اور پی ٹی آئی حکومت کو اپوزیشن جماعت مسلم لیگ ن کے رہنماء اسحاق ڈار کا گھر نیلام کرنے کی اجازت مل گئی تھی ، اسلام آباد ہائی کورٹ نے گھر کی نیلامی پر دیا گیا اسٹے آرڈر بھی ختم کردیا تھا۔