عام آدمی کو صاف ستھرا ماحول دینا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے،وزیراعلی ٰ حمز ہ شہباز

بدھ 18 مئی 2022 21:49

عام آدمی کو صاف ستھرا ماحول دینا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے،وزیراعلی ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 مئی2022ء) وزیراعلی ٰپنجاب حمزہ شہباز کی زیر صدارت بدھ کے روز وزیراعلیٰ آفس میں اجلاس منعقد ہوا جس میں لاہور شہر میں صفائی کے انتظامات کو بہتر بنانے کے حوالے سے اقدامات کا جائزہ لیا گیا اور صفائی کا نیا نظام تشکیل دینے کیلئے مختلف تجاویز پر غور کیا گیا۔ خواجہ احمد حسان، خواجہ عمران نذیر، چیف سیکرٹری پنجاب، متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز اور اعلیٰ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز شریف نے کہا کہ زندہ دلان لاہور کو صاف ستھرا شہر دیا، چار برس میں اس کا برا حشر کر دیا گیا،صرف پوش علاقے ہی نہیں گلی محلوں میں بھی صفائی نظر آنی چاہئے،صفائی نصف ایمان ہے،عام آدمی کو صاف ستھرا ماحول دینا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ موجودہ وسائل اور عملے کے ذریعے بروقت کوڑا کرکٹ اٹھایا جائے اور صفائی کے انتظامات کی روزانہ کی بنیاد پر مانیٹرنگ کی جائے،یونین کونسل کی سطح پر منتخب نمائندوں کو بھی صفائی کے انتظامات کے حوالے سے متحرک کیا جائے،ایل ڈبلیو ایم سی کے عملے کی حاضری کو یقینی بنایا جائے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے صفائی کے مستقل سسٹم کیلئے قابل عمل پلان کو جلد حتمی شکل دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ شارٹ، میڈیم اور لانگ ٹرم پلاننگ کرکے فاسٹ ٹریک کے تحت آگے بڑھا جائے۔ وزیراعلیٰ حمزہ شہباز نے نئی لینڈ فل سائٹ کیلئے موزوں اراضی کی نشاندہی کی بھی ہدایت کی۔