خضدار سپر لیگ کرکٹ ٹورنامنٹ کا آغاز یکم جون کو ہوگا

جمعرات 19 مئی 2022 22:50

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 مئی2022ء) بلوچستان حکومت و پاک آرمی اور ضلعی انتظامیہ کے تعاون سے خضدار سپر لیگ کرکٹ ٹورنامنٹ (کے ایس ایل )کا آغاز یکم جون 2022 ء کو ہوگا،بلوچستان بھر سے نامور اورصف اوّل کی ٹیمیں شرکت کریں گی۔ ایونٹ کی افتتاحی تقریب میں روایتی انداز میں بلوچی چاپ، کراٹے شو، بی آرسی طلباءکی پی ٹی شو کا مظاہرہ ہوگا ۔

ٹورنامنٹ کے بہتر انعقاد کے لئے بلوچستان کرکٹ ایسوسی ایشن اور خضدار سٹی کرکٹ ایسوسی ایشن کی خدمات بھی حاصل کی گئی ہیں ۔ ڈپٹی کمشنر خضدا رمیجر (ر) محمد الیاس کبزئی نے ایونٹ سے متعلق تفصیلات بتا تے ہوئے کہاکہ حکومت بلوچستان اور پاک آرمی کے تعاون سے خضدار انتظامیہ نوجوان کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی اور شائقین کو دلچسپ میچز دکھانے کی خاطر خضدار سپر لیگ کرکٹ ٹورنامنٹ کاا نعقاد کررہی ہے جس میں ہمیں کمشنر قلات ڈویژن داود خان خلجی کی سرپرستی بھی حاصل ہے۔

(جاری ہے)

اس تاریخی ایونٹ میں بلوچستان کی نامور ٹیمیں شرکت کریں گی۔ جس میں پشین لانز، لسبیلہ زلمی، نوشکی کنگز، خضدار فائٹر، پنجگور رائڈ، قلات قلندرز، مستونگ یونائیٹڈ، سکند آباد رائل خضدار ہیروز، آواران ٹائیگرز کے درمیان مقابلے ہونگے۔ٹورنامنٹ کو کامیاب بنانے اور کھلاڑی اور شائقین کو سہولیات کی فراہمی کے لئے تمام تر انتظامات کئے جارہے ہیں ۔ ٹورنامنٹ کا شاندار افتتاح یکم جون 2022کو منعقد ہوگا اوریہ ایونٹ 12دن تک جاری رہے گا۔ ٹورنامنٹ کے فائنل کی تقریب کے موقع پر خضدار میں شام کو میوزیکل شو ہوگا جس میں بلوچستان کے نامور علاقائی گلوکار شرکت اوراپنے فن کا مظاہرہ کریں گے ، اختتامی تقریب کے موقع پر آتش بازی کا بھی شاندار مظاہرہ ہوگا۔