روس جنگ کی مالی تلافی کرے، یوکرینی صدر کا مطالبہ

ہفتہ 21 مئی 2022 15:09

روس جنگ کی مالی تلافی کرے، یوکرینی صدر کا مطالبہ
کیف (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 مئی2022ء) یوکرینی صدر وولودیمیر زیلنسکی نے خارکیف کےمشرقی شہر لوذووا میں ایک ثقافتی مرکز پر روسی فضائی حملے میں ایک بچے سمیت 7 افراد کی ہلاکت کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ روس نے انسانیت کو اپنا دشمن چن لیا ہے۔جرمن نشریاتی ادارے کے مطابق انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹیلی گرام پر ایک پیغام میں یوکرین پر روسی فوجی حملوں کو ماسکو کی کھلی جارحیت قرار دیتے ہوئے کہا کہ قابضین نے ثقافت، تعلیم اور انسانیت کو اپنے دشمنوں کے طور پر منتخب کر لیا ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ انہوں نے یہ باقاعدہ مطالبہ کیا ہے کہ روس یوکرین کے خلاف جنگ کی مالی تلافی کے لیے رقوم ادا کرے۔انہوں نے کہا کہ روس کی طرف جنگ کے دوران یوکرین میں پھیلائی گئی تباہی کی مالی تلافی سے متعلق ہمارے مطالبے کی اتحادی ممالک بھی حمایت کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

یوکرینی صدر نے کہا کہ روس نے یوکرین میں بنیادی ڈھانچے کو اپنی طرف سے زیادہ سے زیادہ ممکنہ حد تک نقصان پہنچایا ہے۔انہوں نے کہا کہ مالی تلافی کا یہ یوکرینی مطالبہ ان تمام دیگر ممالک کے لیے بھی ایک واضح پیغام ہو گا جو کسی بھی دوسری ریاست کے خلاف بےجا فوجی جارحیت کے ارادے رکھتے ہوں، اس طرح ایسے تمام ممالک کو یہ احساس دلایا جا سکے گا کہ کسی بھی جارحیت کی صورت میں انہیں اپنے اقدامات کی قیمت چکانا ہو گی۔