بھارت،بیمار شخص کے گردے سے 206 پتھریاں نکال لی گئی

پیر 23 مئی 2022 11:46

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مئی2022ء) بھارت میں 56 سالہ شخص کے گردے سے 206 پتھریاں نکال لی گئی ہیں۔ بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق بھارت کی جنوبی ریاست تلنگانہ میں اوار گلینگلز گلوبل ہسپتال کے ڈاکٹرز نے 56 سالہ شخص کے گردے سے ایک گھنٹے کی طویل سرجری کے بعد 206 پتھریاں نکال لی ہیں ۔حیدرآباد کے اوار گلینگلز گلوبل ہسپتال کے ڈاکٹرز نے پتھریوں کو لیپروسکوپی جسے کی ہول سرجری بھی کہا جاتا ہے کے ذریعے نکالا۔

اس طریقہ کار میں سرجن کو جلد پر زیادہ بڑا کٹ نہیں لگانا پڑتا۔ہسپتال کے سینئر کنسلٹنٹ یورولوجسٹ ڈاکٹر پولا نوین کمار نے کہا کہ بعض ابتدائی تحقیقات اور الٹراساؤنڈ ٹیسٹ سے مریض کے بائیں گردے میں متعدد کیلکولی (بائیں گردے کی پتھری) کی موجودگی کا انکشاف ہوا اور سی ٹی سکین کے ساتھ اس کی دوبارہ تصدیق کی گئی، جس کے بعد مریض کو ایک گھنٹے تک جاری رہنے والی کی ہول سرجری کے لیے تیار کیا گیا جس کے دوران تمام کیلیکولی (پتھریوں) کو نکال دیا گیا جن کی تعداد 206 تھی۔

(جاری ہے)

آپریشن کے ایک دن بعد مریض کو گھر بھیج دیا گیا ہے۔ڈاکٹرز نےعوام کو مشورہ دیا ہے کہ وہ بھارت میں ہیٹ ویو کے دوران گردے کی پتھری سے بچنے کے لیے زیادہ سے زیادہ پانی کا استعمال کریں۔یاد رہے اس سے قبل 2018 میں دہلی میں ڈاکٹرز نے کی ہول سرجری کے ذریعے 45 سالہ مریض کےگردےسے 856 پتھریاں نکالی تھیں۔