15 سالہ رضوان کو مقدمے میں ملوث کرنے پر ڈی آئی جی ایسٹ کو ایس ایچ او اور ہیڈ کانسٹیبل کیخلاف انکوائری کا حکم

ہفتہ 28 مئی 2022 16:45

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 مئی2022ء) جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی شیخ عباس مہدی نے کباڑ کی دکان میں کام کرنے والے 15 سالہ رضوان کو مقدمے میں ملوث کرنے پر ڈی آئی جی ایسٹ کو ایس ایچ او اور ہیڈ کانسٹیبل کیخلاف انکوائری کا حکم دیدیا۔ کراچی سٹی کورٹ میں جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی کراچی شیخ عباس مہدی کی عدالت میں کم عمر بچے کیخلاف کباڑ کی دکان پر چوری کا سامان خریدنے کے مقدمے کی سماعت ہوئی۔

عدالت نے ریمارکس دیئے کیوں نا آپ دونوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔ عدالت نے ریمارکس دیئے شہریوں کی حفاظت محکمہ پولیس کی وجہ سے دا پر لگی ہوئی ہے۔ قانون کے مطابق پولیس کا کام شہریوں کی حفاظت کرنا ہے۔ پولیس افسران اپنے عہدے کا غلط استعمال کرتے ہیں۔ ڈی آئی جی ایسٹ ہیڈ کانسٹیبل غلام حسین اور ایس ایچ او عزیز بھٹی کیخلاف آزادانہ انکوائری کریں۔

(جاری ہے)

دونوں پولیس آفیشلز کیخلاف محکمہ جاتی کارروائی بھی کی جائے۔ ڈی آئی جی ایسٹ 10 دن میں رپورٹ جمع کرائیں۔ عدالت نے کم عمر بچے کو گرفتار کرنے والے ہیڈ کانسٹیبل اور ایس ایچ او عزیز بھٹی کو شوکاز نوٹس جاری کردیئے۔ عدالت نے ایس ایچ او اور ہیڈ کانسٹیبل عزیز بھٹی کو 30 مئی کو طلب کرلیا۔ عدالت نے ڈی آئی جی ایسٹ کو ایس ایچ او اور ہیڈ کانسٹیبل غلام حسین کیخلاف انکوائری کا حکم دیدیا۔ عدالت نے کم عمر ملزم رضوان کو رہا کرنے کا حکم دیدیا۔ پولیس نے کباڑ کی دکان میں کام کرنے والے 15 سالہ رضوان کو گرفتار کیا تھا۔ ملزم پر چوری شدہ موٹر سائیکل کے پارٹس خریدنے کا الزام تھا۔

متعلقہ عنوان :