افغانستان میں زلزلے نے تباہی مچا دی،950 افغان شہری جاں بحق ،620 سے زائد زخمی

درجنوں مکانات زمین بوس ہوگئے، متاثرہ علاقوں میں4 ہیلی کاپٹرز اور20 ایمبولینسز پہنچادیئے گئے زلزلہ کے مرکز افغانستان کے مشرقی صوبہ خوست کے مرکزی شہر سے 44 کلومیٹر دور تھا ،گہرائی 51 کلومیٹر تھی، وزارت قدرتی آفات افغانستان

بدھ 22 جون 2022 20:03

افغانستان میں زلزلے نے تباہی مچا دی،950 افغان شہری جاں بحق ،620 سے زائد ..
کوہاٹ/ کابل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جون2022ء) افغانستان میں نصف شب آنے والے زلرلے نے تباہی مچادی جہاں پاک افغان سرحد پر واقع افغان صوبوںپکتیکا اور خوست کے کئی اضلاع میں زلزلے کے شدید جھٹکوں کے باعث شدید جانی و مالی نقصان ہوا اوردرجنوں مکانات زمین بوس ہوگئے جن کے ملبہ تلے آکر 950 افغان شہری جاں بحق اور620 سے زائد زخمی ہوئے ہیں جبکہ سینکڑوں دیگر بے گھرہوکر کھلے تلے آسمان پڑے ہیں۔

ادھر ملبہ تلے افراد کو نکالنے کا کام جاری ہے اور ہلاکتوں میں مزیداضافہ کا خدشہ ہے۔امارات اسلامیہ افغانستان نے متاثرہ علاقوں میں4 ہیلی کاپٹرز اور20 ایمبولینسز پہنچادیئے ہیں ۔جاں بحق و زخمیوں میں بچے اور خواتین بھی شامل ہیں۔سرحد پار سے وزارت قدرتی آفات افغانستان کے حوالے سے موصولہ اطلاعات اور افغان سرکاری میڈیا کے مطابق زلزلہ کا مرکز افغانستان کے مشرقی صوبہ خوست کے مرکزی شہر خوست سے 44 کلومیٹر دور تھا جبکہ اس کی گہرائی 51 کلومیٹر تھی جہاں نصف شب آنے والے زلزلے کے جھٹکے افغان دارالحکومت کابل‘ ننگرہار‘ خوست ‘ پکتیا‘ پکتیکا ‘ غزنی ‘ میدان وردک اور کئی دیگر صوبوں میں انتہائی شدت کے ساتھ محسوس کئے گئے جس کے نتیجے میں مقامی آبادی کے لوگوں میںشدید خوف و ہراس پھیل گیا۔

(جاری ہے)

سرکاری میڈیا کے مطابق صوبہ پکتیکا کے گیان اور ارگون‘ ناکی‘ زیروک اوربرمل اضلاع سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں جہاںکئی گاؤں مکمل طورپر تباہ ہوگئے ہیں اور مکانات کے ملبے تلے دب کر سینکڑوں افغان شہری جاں بحق اور زخمی ہوگئے ہیں۔جاں بحق اور زخمیوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔ صوبہ خوست کے ضلع سپیرا میں ڈنڈاکی نامی گاؤں میں بھی زلزلے نے شدید جانی و مالی نقصان پہنچایا ہے جہاں متعدد گھروں کی چھتیں گرگئی ہیں تاہم ابھی امدادی کام جاری ہیں اور ملبہ تلے دبے لوگوں کو نکالاجارہاہے جس کے نتیجے میں ہلاک و زخمی افراد کی تعدادمیں اضافہ کا خدشہ ظاہرکیا جارہا ہے۔

مقامی سرکاری ذرائع کے حوالے سے موصولہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق ضلع گیان میں 100 سے زائد جاں بحق وزخمی افراد جبکہ ضلع ا رگون سے اب تک 35لاشیں اور 60 زخمی منتقل کئے جاچکے ہیں۔برطانوی میڈیا کے مطابق قدرتی آفات کے افغان وزارت کے نائب وزیر مولوی شرف الدین مسلم کے دارالحکومت کابل میں منعقدہ پریس کانفرنس کے حوالے سے بتایا ہے کہ زلزلے سے ہلاک شدگان کی تعداد950 اور620 سے زائد زخمی ہوگئے ہیں جبکہ سینکڑوں گھر منہدم ہوکر تباہ ہوگئے ۔

ادھر مقامی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق متاثرہ آبادی کی امداد کے لئے دیگر علاقوں سے بڑی تعدامیں لوگ پہنچنا شروع ہوگئے ہیں اور امدادی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں۔مقامی افراد کے مطابق اٴْنہوں نے ایسی شدت کا زلزلہ پہلے نہیں محسوس کیا تھا۔زلزلے کے جھٹکے محسوس کرتے ہوئے مقامی افراد استغفار کرتے ہوئے گھروں سے باہر نکل آئے ۔ مقامی ذرائع کے مطابق جہاں زیادہ نقصان ہواہے وہاں کئی منزلہ اٴْونچی مٹی سے بنی ہوئی کچی عمارتیں واقع ہیں۔ زلزلہ سے ہونے والے شدید جانی و مالی نقصان کے بارے سرکاری طورپر معلومات اکٹھی کی جارہی ہیں ۔