آئی جی خیبرپختونخوا کی عید الاضحی کے موقع پر امن و مان کے قیام کیلئے سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کی ہدایت

جمعرات 30 جون 2022 18:12

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 جون2022ء) آئی جی خیبرپختونخوا پولیس معظم جاہ انصاری نے اعلی پولیس حکام کو ہدایت کی ہے کہ وہ عید الاضحی کے موقع پر امن و آمان کے قیام کیلئے جامع حکمت عملی کے ساتھ سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کریں۔یہ ہدایات انہوں نے سینٹرل پولیس آفس پشاور سے کیپیٹل سٹی پولیس آفیسر، صوبہ بھر کے تمام ڈی آئی جیزاور ڈی پی اوز کو ایک خصوصی حکم نامے میں جاری کیں جن میں پولیس حکام کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ پروایکٹو پولیسنگ کویقینی بناتے ہوئے اپنے فرائض کو سرانجام دیں ، دہشت گردوں کا کسی بھی واردات کو بروقت ناکام بنانے کیلئے اپنا انٹیلی جنس نیٹ ورک مزید فعال بنائیں اوربالخصوص تمام شہروں کے داخلی اور خارجی راستوں پر نگرانی کا عمل تیز کرتے ہوئے موثر ناکہ بندیاں لگائیں اور ان پرسخت چیکنگ عمل میںلائیں۔

(جاری ہے)

آئی جی پی نے اعلی پولیس حکام کو مزید ہدایت کی ہے کہ وہ تمام اہم تنصیبات ، عبادت گاہوں، بازاروں، ہسپتالوں،پیٹرول پمپوں، مالیاتی اداروں،مال مویشی منڈیوں اور ممکنہ تخریب کاری کا نشانہ بننے والے دیگر مقامات کے لیے خصوصی حفاظتی اقدامات اٹھائیں۔انہیں تمام اہم سڑکوں اور شاہراہوں پرمسافروں اور مویشی و تاجروںکے تحفظ کو یقینی بنانے، اپنی گشت بڑھانے اور ان پر ہر قسم کی رہزنی اور ڈکیتی کے واردات کی روک تھام کو یقینی بنانے اور ڈیوٹی کے زیادہ سے زیادہ اوقات فیلڈ میں گزارنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔

پولیس سربراہ نے پبلک و تفریحی مقامات، تمام بس اڈوں کی چیکنگ کرنے، اسلحہ کی نمائش اور ہتھیار لیکر چلنے والوں کی حوصلہ شکنی کے لیے موثراقدامات اٹھانے کی بھی ہدایت کی ہے۔ اعلی پولیس حکام کو یہ بھی ہدایت کی گئی ہے کہ وہ تمام بازاروں، مارکیٹوں، بالخصوص خواتین کی خریداری کے مراکز کے لیے خصوصی حفاظتی انتظامات کریں اور وہاں پر باوردی عملے کے علاوہ سادہ کپڑوں میں عملہ تعینات کریں۔

خصوصی حکم نامے میں ٹریفک کوہر وقت رواں رکھنے اوراس مقصد کے لئے اضافی نفری تعینات کرنے کی بھی ہدایت جاری کی گئی ہے۔ اسی طرح اعلی پولیس حکام کو شر پسندوں کے خلاف عوام کو متحرک کرنے اور ان کا تعاون حاصل کرنے، تمام اضلاع میں ریسکیو15 اور فوری رسپانس یونٹوں کو فعال اور متحرک کرنے اوراپنا اپنا انٹنجینسی پلان تیار کرنے کی بھی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ خصوصی حکم نامے میں تمام ڈی پی اوز کوعید الاضحی میں ایس ڈی پی اوز اور ایس ایچ اوز کے فرائض کو بذات خود مانیٹر کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔