آذربائیجان کے سرمایہ کار پاکستان میں سرمایہ کاری کے ماحول سے استعفادہ کرنے کیلئے آگے بڑھیں، صادق سنجرانی

جمعرات 30 جون 2022 18:15

آذربائیجان کے سرمایہ کار پاکستان میں سرمایہ کاری کے ماحول سے استعفادہ ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 30 جون2022ء) چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ آذربائیجان کے سرمایہ کار پاکستان میں سرمایہ کاری کے ماحول سے استعفادہ کرنے کیلئے آگے بڑھیں۔ علاقائی ترقی و خوشحالی کیلئے تجارت، توانائی، زراعت اور دوسرے شعبوں میں تعاون کو بڑھانے کی ضرورت ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آذربائیجان کے دورے کے موقع پر صدر الہام علیوف اور سپیکر ملی مجلس آذربائیجان صاحبہ غفارو اسے ملاقاتوں کے دوران کیا ۔

چیئرمین سینیٹ اور پارلیمانی وفد نے آذربائیجان کی سپیکر کی جانب سے دیئے گئے عشائیے میں بھی شرکت کی۔ چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی کی سربراہی میں وفد آذربائیجان میں منعقدہ غیر جانبدار تحریک کے پارلیمانی نیٹ ورک کی ایک اہم کانفرنس میں شریک ہے۔

(جاری ہے)

آذربائیجان کے صدر سے تبادلہ خیال کرتے ہوے چیئرمین سینیٹ نے کہا علاقائی ترقی و خوشحالی کیلئے تجارت، توانائی، زراعت اور دوسرے شعبوں میں تعاون کو بڑھانے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا اعلیٰ سطح پر وفود کے تبادلوں سے مضبوط اور برادرانہ تعلقات کو نئی بلندیوں پر لے جایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا اٴْ مید کرتا ہوں کہ ان برادرانہ تعلقات کو ہم مشترکہ خوشحالی کیلئے سربلند رکھیں گے۔ انہوں نے کہا پاکستان آذربائیجان کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا اور اہمیت دیتا ہے۔ انہوں نے کہا ہمارے دوطرفہ تعلقات کی بنیاد باہمی اعتماد، احترام اور محبت کے جذبے پر ہے۔

انہوں نے کہا کاروباری و حکومتی سطح پر دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا آذربائیجان کے سرمایہ کار پاکستان میں سرمایہ کاری کے ماحول سے استعفادہ کرنے کیلئے آگے بڑھیں۔ چیئرمین سینیٹ نے ملاقاتوں میں گوادر پورٹ کی اہمیت کو بھی اٴْجاگر کیا۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا گوادر پورٹ خطے میں تجارتی رابطہ کاری کو فروغ دینے میں اہم ثابت ہوگا۔

انہوں نے کہا وسطی ایشیائی ممالک کو دوسرے خطوں کے ساتھ رابطہ کاری کیلئے گوادر پورٹ کے ذریعے سہولت ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ آذربائیجان کے سرمایہ کار گوادر میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کیلئے آگے بڑھیں انہیں خوش آمدید کہیں گے۔ چیئرمین سینیٹ نے آذربائیجان کی قیادت کو کامیاب کانفرنس کے انعقاد پر مبارکباد دیتے ہوے کہا ا ٴْمید کرتا ہوں کانفرنس کے بہتر نتائج سامنے آئیں گے،خطے میں امن، خوشحالی اور ترقی کو فروغ دینے میں مدد ملے گی۔

چیئرمین سینیٹ نے آذربائیجان کی سپیکر کی جانب سے دیئے گئے استقبالیہ سے بھی خطاب کیا۔ انہوں نے کہا سیاسی، سماجی و اقتصادی شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے کے خواہاں ہیں۔ انہوں نے کہا آذربائیجان اور پاکستان نے ایک دوسرے کے نقطہ نظر کی حمایت کی ہے جو باہمی اعتماد کی عکاسی کرتا ہے۔ انہوں نے کہا عوامی سطح پر روابط اور کاروباری تعاون کے ذریعے دونوں ملکوں کے عوام کو مزید قریب لایا جا سکتا ہے۔

پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان براہ راست فضائی رابطوں سے کثیر الجہتی تعاون کو مزید فروغ ملے گا۔ چیئرمین سینیٹ نے آذربائیجان کی حکومت، سیاسی قیادت اور پارلیمان کا بہترین مہمان نوازی اور انتظامات پر شکریہ ادا کیا۔ آذربائیجان کے صدر اور سپیکر نے چیئرمین سینیٹ کے خیالات کو سراہایا ۔ دونوں رہنماؤں نے پاکستان آذربائیجان تعاون اور دوطرفہ تعلقات کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیا۔ آذربائیجان کی سیاسی قیادت نے پاکستانی وفد کی اہم کانفرنس میں شرکت پر چیئرمین سینیٹ کا شکریہ ادا کیا۔

متعلقہ عنوان :