تیسری پاک سری لنکا انٹرنیشنل سواتے چیمپئن شپ کا افتتاح

جمعرات 30 جون 2022 20:38

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 جون2022ء) سپورٹس اینڈ یوتھ افیئرز ڈیپارٹمنٹ پنجاب کے زیراہتمام تیسری پاک سری لنکا انٹرنیشنل سواتے چیمپئن شپ کا رنگا رنگ افتتاح جمعرات کو نشتر پارک سپورٹس کمپلیکس میں ہوگیا۔ سیکرٹری سپورٹس اینڈ یوتھ افیئرز پنجاب اسد اللہ فیض اور ڈی جی سپورٹس پنجاب محمد طارق قریشی نے جمنازیم ہال میں ٹرافی کی رونمائی کی۔

افتتاحی تقریب میں پاکستان اور سری لنکا کے قومی ترانے بجائے گئے اور رولر سکیٹنگ،جمناسٹک و مارشل آرٹس کا شاند ار مظاہرہ کیا گیا۔ اس موقع پرپاکستان اور سری لنکا کی ٹیموں کا مہمانوں سے تعارف بھی کرایا گیا جبکہ سیکرٹری سپورٹس اینڈ یوتھ افیئرز پنجاب اور ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب کو سوینیئرپیش کئے گئے۔

(جاری ہے)

تقریب میں ڈائریکٹر سپورٹس ندیم قیصر، ڈائریکٹر یوتھ افیئرز سید عمیر حسن،ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسر لاہور تنویر شاہ اور سواتے فیڈریشن کے آفیشلز بھی موجود تھے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سیکرٹری سپورٹس اینڈ یوتھ افیئرز پنجاب اسد اللہ فیض نے کہا کہ آج خوشی کا موقع ہے کہ دوست ملک سری لنکا کی ٹیم چیمپئن شپ میں شریک ہے، سری لنکا کی ٹیم اور آفیشلز کو پاکستان میں خوش آمدید کہتا ہوں۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کھیلوں کیلئے محفوظ ملک ہے،سواتے چیمپئن شپ سے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی ہوگی،چیمپئن شپ میں خواتین کے 9اور مردوں کے 4مقابلے ہورہے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ خواتین کو سپورٹس میں زیادہ سے زیادہ مواقع دے رہے ہیں،آنیوالے دنوں میں سپورٹس کے انٹرنیشنل ایونٹس کرائیں گے،ڈائریکٹر جنرل سپورٹس پنجاب محمد طارق قریشی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تیسری پاک سری لنکا انٹرنیشنل سواتے چیمپئن شپ تازہ ہوا کا جھونکا ہے جس میں سری لنکا کی ٹیم بھی شریک ہے،انہوں نے کہاکہ غیرملکی کھلاڑیوں سے مقابلوں سے ہمارے کھلاڑیوں کے کھیل میں نمایاں بہتری اور سواتے چیمپئن شپ سے نیا ٹیلنٹ سامنے آئے گا۔

چیمپئن شپ کے افتتاحی روز60کلوگرام کیٹیگری (وومن)میں پہلا مقابلہ برابر رہا، 56کلوگرام کیٹیگری کا مقابلہ پاکستان (وومن) نے جیت لیا، مائنس 46کلوگرام کیٹیگری میں سری لنکا کے عبدالرشید فاتح رہے اور مائنس 36کلوگرام کیٹیگری میں سری لنکا کی کھلاڑی کامیاب رہیں۔