شندور پولو فیسٹیول چترال اپر میں شروع ہو گیا

جمعہ 1 جولائی 2022 23:56

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 جولائی2022ء) خیبرپختونخوا کلچراینڈٹورازم اتھارٹی ،ہیڈ کوارٹر الیون کورپشاور، فرنٹیئر کورنارتھ ، ضلعی انتظامیہ چترال اپر و لوئراور این ایل سی کے تعاون سے منعقدہ تین روزہ شندور پولو فیسٹیول چترال اپر کی وادی شندور میں شروع ہو گیا ۔افتتاحی تقریب کے موقع پر پاکستان آرمی فزیکل ٹریننگ سکول ایبٹ آبادکے پیرگلائیڈر، پاکستان آرمی کے ایس ایس جی کمانڈوز نے پیراٹروپنگ (پیراجمپنگ) کی شاندار پرفارمنس پیش کی جبکہ گلگت بلتستان کے بچوں کی ملی نغمے پر اور کیلاش وادی کے نوجوانوں نے روایتی رقع پیش کیا۔

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری محکمہ سیاحت محمد طاہر اورکزئی کا کہنا تھا کہ ملاکنڈڈویژن کا پہاڑی سلسلہ ایڈونچر ٹورازم کیلئے بہترین ہے اور صوبائی حکومت ، محکمہ سیاحت اور ٹورازم اتھارٹی مل کر اس کے فروغ کیلئے اقدامات اٹھارہی ہے ۔

(جاری ہے)

ریجنل سطح پر بھی اتھارٹیز بنائی گئی ہیں جو کہ صوبے میں سیاحت کے فروغ کیلئے مل کر کام کررہی ہیں۔ فیسٹیول کے افتتاحی روز لاسپور اور غزر کی ٹیموں کے مابین میچ کھیلا گیا جس میں چترال کی سر لاسپور کی ٹیم نے 16گول کرکے میچ اپنے نام کرلیا جبکہ گلگت بلتستان کی ٹیم صرف 4 گول سکور کرسکی۔ فیسٹیول میں آنے والے سیاحوں کیلئے خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان کی روایتی موسیقی پر مشتمل محفل موسیقی کا انعقاد بھی کیا گیا۔