پاکستان اور ایران کا دونوں ممالک کے درمیان بامعنی اور دیرپا سیکورٹی اور دفاعی تعاون کی خواہش کا اظہار

ہفتہ 2 جولائی 2022 14:30

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 جولائی2022ء) پاکستان اور ایران نے دونوں ممالک کے درمیان بامعنی اور دیرپا سیکورٹی اور دفاعی تعاون کی خواہش کا اظہارکیا ہے۔ہفتہ کو آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری پریس ریلیزکے مطابق چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا جو اسلامی جمہوریہ ایران کے سرکاری دورے پر ہیں۔ انہوں نے ایران کے صدر سید ابراہیم رسول ساداتی اوراعلیٰ عسکری قیادت سے ملاقاتیں کی۔

دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ سیکورٹی اور دفاعی تعاون کو مضبوط بنانے سمیت دوطرفہ سٹریٹجک دلچسپی کے امور اور علاقائی سلامتی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔دونوں اطراف نے دونوں ممالک کے درمیان بامعنی اور دیرپا سیکورٹی اور دفاعی تعاون شروع کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

چیئرمین جوائنٹ چیف آف سٹاف کمیٹی (جے سی ایس سی) نے وزیر دفاع بریگیڈیئر جنرل محمد رضا غرائی اشتیانی، چیف آف جنرل سٹاف میجر جنرل محمد باقری،کمانڈر انچیف اسلامی انقلابی گارڈ کورکمانڈر آف جنرل سٹاف میجر جنرل حسین سلامی،ایرانی بحریہ کے کمانڈر ریئر ایڈمرل شہرام ایرانی سے بھی الگ الگ ملاقاتیں کیں۔

فضائیہ کے کمانڈر آف ائیر فورس بریگیڈیئر جنرل حامد واحدی سے بھی ملاقات کی۔ملاقات میں دونوں اطراف نے دونوں ممالک کے درمیان فوجی مصروفیات کی سطح اور دائرہ کار کو بڑھانے کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا اور گہرے تعلقات کے تسلسل کا عہد کیا۔دونوں فریقوں نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ مشترکہ سرحدیں "امن اور دوستی کی سرحدیں"ہونی چاہئیں۔ایرانی عسکری قیادت نے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ وارانہ مہارت کو سراہا اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ان کی قربانیوں کا اعتراف کیا۔قبل ازیں جنرل سٹاف ہیڈ کوارٹر پہنچنے پر چاک و چوبند دستے نے چیئرمین جے سی ایس سی کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔