ایئر انڈیا بم دھماکوں میں بری ہونے والے سکھ شخص کو کینیڈا میں گولی مار کرقتل کر دیا گیا

ہفتہ 16 جولائی 2022 12:50

ٹورنٹو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 جولائی2022ء) 1985 کے ایئر انڈیا بم دھماکوں کے مقدمے میں بری ہونے والے 75 سالہ سکھ شخص رپودمن سنگھ ملک کو کینیڈا میں نامعلوم افراد نے قتل کر دیا۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق رپودمن سنگھ ملک Ripudaman Singh Malikکو جمعرات کو برٹش کولمبیا کے شہر سرے میں گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا۔ ذرائع ابلاغ کی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ رپودمن اور شریک ملزم عجائب سنگھ باگری کو 1985 میں ہونے والے دو بم دھماکوں جن میں 331 افراد ہلاک ہوئے تھے سے متعلق سازش کے الزامات سے 2005 میں بری کر دیا گیا تھا ۔

ملک کے بیٹے نے فیس بک پر لکھامیڈیا ہمیشہ ان کے والد کو ائیر انڈیا کے بم دھماکے میں ملوث شخص کے طور پر پیش کرے گالیکن اس کیس میں ان کے والد پر غلط الزام لگایا گیا تھا ۔

(جاری ہے)

23 جون 1985 کو ایئر انڈیا کی پرواز 182 جس میں 268 کینیڈین شہری اور 24 بھارتی شہری شامل تھے نے ٹورنٹو سے اڑان بھری اور مونٹریال میں رکی جہاں سے یہ لندن اور پھر اپنی آخری منزل بمبئی کے لیے روانہ ہوئی۔

طیارہ بحر اوقیانوس سے 31ہزار فٹ کی بلندی پر پرواز کر رہا تھا کہ سامنے والے کارگو میں ایک سوٹ کیس میں موجود بم پھٹ گیااور جہاز میں سوار تمام افراد ہلاک ہو گئے۔ایک اور بم ایئر انڈیا کی جاپان سے اڑان بھرنے والی پرواز میں نصب کیا جانا تھا لیکن یہ ٹوکیو کے ناریتا ہوائی اڈے پر پھٹ گیا جس میں دو افراد ہلاک ہو گئے تھے۔