چیف سیکرٹری پنجاب کی یوم عاشور پر تمام ڈویژنل کمشنرز اور آر پی اوز کو سکیورٹی امور چیک کرنے کی ہدایت

پیر 8 اگست 2022 22:10

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 اگست2022ء) حکومتی ہدایات کی روشنی میں چیف سیکرٹری پنجاب نے تمام ڈویژنل کمشنرز اور ریجنل پولیس افسران کو ہدایت کی ہے کہ وہ یوم عاشور کے موقع پر خود سکیورٹی امور چیک کرنے کیلئے بھر پور اقدامات کو یقینی بنائیں تاکہ کسی بھی جگہ پر کسی کوتاہی کا احتمال نہ رہے۔

(جاری ہے)

فیصل آباد ڈویژنل انتظامیہ کے ترجمان نے بتایاکہ مذکورہ ہدایات کی روشنی میں ڈویژنل کمشنر فیصل آباد زاہد حسین اور ریجنل پولیس آفیسر فیصل آبادمعین مسعود بذات خود یوم عاشور کے سلسلہ میں نکالے جانے والے تعزیہ، علم، ذوالجناح و عزاداری کے دیگر ماتمی جلوسوں کو چیک کریں گے تاکہ وہاں لگائی جانے والی ڈیوٹیوں اور انتظامی امور کو مؤثر انداز میں پایہ تکمیل تک پہنچایا جا سکے۔

انہوں نے بتایاکہ ضلعی سطح پرڈپٹی کمشنرز اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسرز جبکہ تحصیل و سٹی سطح پر اسسٹنٹ کمشنرز و سب ڈویژنل پولیس آفیسرز بھی مشترکہ طور پر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کی ڈیوٹیاں چیک کریں گے تاکہ کسی جگہ پرکسی غفلت کی گنجائش نہ رہے۔