ڈالر کی قیمت میں کمی کے اثرات، سعودی ریال کی قیمت بھی 60 روپے کی سطح سے نیچے آ گئی

ملکی کرنسی مارکیٹ میں سعودی ریال کی قیمت 59 روپے 10 پیسے ہو گئی، امریکی کرنسی کی قیمت بھی مزید کمی سے 221 روپے 91 پیسے ہو گئی

muhammad ali محمد علی بدھ 10 اگست 2022 21:48

ڈالر کی قیمت میں کمی کے اثرات، سعودی ریال کی قیمت بھی 60 روپے کی سطح سے ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 10 اگست2022ء) ڈالر کی قیمت میں کمی کے اثرات، سعودی ریال کی قیمت بھی 60 روپے کی سطح سے نیچے آ گئی۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ ہفتے پاکستان کی کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت میں کمی کا شروع ہونے والا سلسلہ رواں ہفتے بھی جاری ہے۔ بدھ کو 2 تعطیلات کے بعد پہلے رواں ہفتے کے پہلے کاروباری روز کے دوران ڈالر کے علاوہ سعودی ریال کی قیمت میں بھی واضح کمی دیکھنے میں آئی۔

گزشتہ ہفتے تک پاکستان کی کرنسی مارکیٹ میں سعودی ریال 60 روپے سے زائد کی قیمت پر ٹریڈ ہو رہا تھا، جو اب 59 روپے 10 پیسے کا ہو گیا۔ جبکہ نٹر بینک میں روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قیمت میں 2 روپے 13 پیسے کی کمی دیکھی گئی۔ اعداد و شمار کے مطابق امریکی ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قیمت 224 روپے 4 پیسے سے کم ہو کر 221 روپے 91 پیسے ہو گئی ہے۔

(جاری ہے)

جبکہ اوپن کرنسی مارکیٹ میں بھی ڈالر کی قیمت میں نمایاں کمی ہوئی ہے۔

بتایا گیا ہے کہ ڈالر کی قیمت میں کمی سے دیگر غیر ملکی کرنسیوں کی قیمت پر بھی واضح اثر پڑا ہے۔ ڈالر سستا ہونے سے دیگر غیر ملکی کرنسیوں کی قیمت بھی کم ہوئی ہے۔ واضح رہے کہ انٹربینک میں ڈالر چند ہی دنوں میں اپنی بلند ترین سطح سے 18 روپے 3 پیسے سستا ہوچکا ہے، 28 جولائی کو ڈالر 239 روپے 94 پیسے کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا تھا، شہباز حکومت میں ڈالر 38 روپے 98 پیسے مہنگا ہوا، روپے کی قدر میں ساڑھے 17 فیصد کمی ہوئی۔ تاہم گزشتہ ہفتے سے پاکستانی روپیہ کی قدر میں بہتری کا سلسلہ شروع ہوا، جس کے بعد ڈالر کے مقابلے روپے کی قدر میں 8 فیصد اضافہ ہوچکا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ ملکی کرنسی مارکیٹ میں چند روز کے دوران ڈالر سستا ہونے سے قرضوں کے بوجھ میں بھی 2322 ارب روپے کمی ہوئی ہے۔