فوجی مشن کے خاتمے کا مطلب افغانستان میں سفارتی مشن کا خاتمہ نہیں ، امریکہ

منگل 16 اگست 2022 22:13

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 اگست2022ء) امریکہ نے کہا ہے کہ فوجی مشن کے خاتمے کا مطلب افغانستان میں سفارتی مشن کا خاتمہ نہیں۔ طالبان حکومت سے توقع ہے وہ افغان عوام سے کیے گئے وعدوں کی پاسداری کرے گی۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی وزراتِ خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس نے صحافیوں کے ساتھ بات چیت کرتے ہوے کہا کہ فوجی مشن کے خاتمے کا مطلب افغانستان میں سفارتی اور فلاحی مشن کا خاتمہ نہیں ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ طالبان حکومت سے توقع ہے وہ افغان عوام سے کیے گئے وعدوں کی پاسداری کرے گی۔ انہوں نے کہا ایک سال میں امریکا نے تحفظ کے غیرمعمولی اقدامات کیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ القاعدہ لیڈر ایمن الزواہری کی ہلاکت کے ثبوت موجود ہیں، افغان انخلاء سے آج ہمارے پاس نئے عالمی چیلنجوں کا مقابلہ کرنے کے لیے زیادہ وسائل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نئے عالمی چیلنجوں میں موسمیاتی تبدیلی، روسی جارحیت اور چین سے مقابلہ شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جوہری معاہدے کے لیے ایران کو ہر صورت ایٹمی ہتھیاروں کی تیاری ترک کرنا ہوگی۔ انہوں نے کہا امریکی ارکانِ کانگریس کے دورہ تائیوان پر چین کا ردعمل غیرذمہ دارانہ ہے۔