غسل خانہ کعبہ کی سالانہ تقریب، سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی مسجد الحرام میں حاضری،نوافل بھی ادا کئے

منگل 16 اگست 2022 23:50

مکہ مکرمہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اگست2022ء) سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے خادم حرمین الشریفین شاہ سلمان کی جانب سے غسل خانہ کعبہ کی سالانہ تقریب کی قیادت کی۔منگل کو ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے پہنچنے پر حرمین شریفین کے امور کی جنرل پریذیڈنسی کے سربراہ شیخ عبدالرحمن السدیس نے ان کا استقبال کیا، اس موقع پر سعودی وزیر کھیل شہزادہ عبدالعزیز بن ترکی بھی سعودی ولی عہد کے ہمراہ تھے۔

(جاری ہے)

سعودی میڈیا کے مطابق ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے طواف کیا اور دو رکعت نماز نفل ادا کی۔بعد ازاں وہ خانہ کعبہ کے اندر گئے جہاں انہوں نے غسل کی تقریب کی قیادت کی اور پھر دو رکعت نماز ادا کی۔غسل کعبہ کی تقریب میں شرکت کرنے والوں میں طائف کے گورنر شہزادہ سعود بن نہار بن سعود، جدہ کے گورنر شہزادہ سعود بن عبداللہ بن جلاوی اور شیخ صالح بن عبداللہ بن حمید، شیخ عبداللہ بن محمد المطلق، شیخ سعد بن ناصر الشطری اور شیخ بندر بن عبدالعزیز بلیلہ سمیت سینئر سکالرز کی کونسل کے متعدد اراکین بھی شریک تھے۔خانہ کعبہ کو آب زمزم سے غسل دیا گیا جس میں عرق گلاب، عود اور دیگر عطر بھی شامل تھے۔