تختیوں پے نام لگوانے کا شوق نہیں ، خدمت میں دل جیتنے آیا ہوں ، میئر پشاور

صوبائی حکومت صوبے کے منتخب بلدیاتی اداروں کے اراکین کی خدمات سے مسائل حل کرے نا کہ منتخب اراکین کی مشکلات میں اضافے کا سبب بنے

بدھ 17 اگست 2022 23:13

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 اگست2022ء) پشاور کے منتخب میئر حاجی زبیر علی نے صوبائی حکومت کی جانب سے صوبے کے بلدیاتی اداروں کے منتخب اراکین کے ساتھ مسلسل تعاصب پسندانہ رویے پر تشویش اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اسے پشاور شہر اور صوبے کی عوام کے ساتھ سراسر زیادتی قرار دیا ہے ، انہوں نے کہا ہے کہ منتخب بلدیاتی نمائندوں کے فنڈز روکنے اور انکے اختیارات کو سلب کرنے میں جو توانائیاں صوبائی حکومت صرف کررہی ہے اگر وہی ہمارے ساتھ مل کر عوام کے مسائل حل کرنے میں لگائے تو پشاور اسکے گردونواح کے علاقوں سمیت صوبہ بھر کے تمام چھوٹے بڑے مسائل کا خاتمہ ممکن ہو سکتا ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مختلف علاقوں سے آئے عوامی وفود سے ملاقات کے دوران کیا۔

(جاری ہے)

انکا کہنا تھا کہ مجھے پشاور شہر کے عوام نے اپنے قیمتی ووٹ کی طاقت سے منتخب کیا ہے کہ میں انکے مسائل کو حل کر سکوں اور مجھے بھی خدمت کا شوق ہے تختیوں پر نام لکھوانے یا واہ واہ کروانے کا کوئی شوق نہیں ۔ تاہم ، صوبائی حکومت کی جانب سے جس طرح مسلسل بلدیاتی منتخب نمائندوں کے ساتھ سوتیلی ماں سے بھی بد تر رویہ روا رکھا جارہا ہے یہ ہر لحاذ سے نہ صرف قابل مذمت اور قابل افسوس ہے بلکہ یہ صوبے بھر کی عوام کے مسائل کے حل کے خلاف ایک سازش ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ٓائین کی روح سے بلدیاتی اداروں کو جو اختیارات حاصل ہیں ان کو صوبائی حکومت آئین اور قانون کی پامالی کرتے ہوئے نہ صرف سلب کررہی ہے بلکہ منتخب یو سی چیئرمینز کو گریڈ 9 کے افسر کے ماتحت کرنے کی کوشش کرکے عوامی فیصلے کی توہین بھی کررہی ہے ۔ صوبائی حکومت ہمارے ساتھ نہیں بلکہ اس شہر پشاور اور صوبے کی عوام کے ساتھ زیادتی کررہی ہے کیونکہ بلدیاتی نمائندوں تک عوام کی براہ راست آسان رسائی ہے اور عوام سب کچھ جان چکے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ پینے کا صاف پانی ، نقاصی آب ، ٹریفک مسائل اور بی ایچ یوز کی حالت زار شہر کے سب سے بڑے مسائل میں سے ہیں ، اگر صوبائی حکومت ہمارے فنڈز دبائے رکھنا چاہتی ہے تو بے شک ہمیں یہ فنڈز ریلیز نہ کرے لیکن پھر از خود ان مسائل کو فوری طور پر حل کرے کیونکہ عوام شدید مشکلات سے دوچار ہیں۔ انکا کہنا تھا کہ تاریخ میں پہلی مرتبہ سٹی میٹروپولیٹن گورنمنٹ پشاور نے اپنے تمام ملازمین اور انکے بیوی بچوں کو گھر کی چھت مہیا کرنے کے لیے آسان ترین اقساط پر پلاٹس دینے کے منصوبے کو بجٹ میں شامل کیا ہے اور اگر اس حوالے سے بھی ہمارے راستے میں روڑے اٹکائے گئے تو پھر ہم مجبور ہونگے کہ اپنے احتجاج کا دائرہ کار وسیع کرکے اپنے شہریوں کے حق کا حصول یقینی بنائیں ۔

میئر پشاور نے شہریوں ، تاجر برادری ، بزنس کمیونٹی اور ہر مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد کو یقین دلایا ہے کہ وہ ہر وقت خدمت کے لیے تیار ہیں اور شہر کے مسائل حل کرنے کے لیے بھرپور عزم رکھتے ہیں اس میں ان سب کا ساتھ بھی درکار ہوگا تاکہ عوام کو مشکلات کے گردآب سے نکالا جاسکے ۔