Live Updates

پشاور میں منشیات کے تمام عادی افراد کی بحالی تک مہم جاری رہے گی،ڈپٹی کمشنر پشاور شفیع اللہ خان

بدھ 17 اگست 2022 23:13

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 17 اگست2022ء) کمشنر پشاور ریاض خان محسود کی زیرِ سرپرستی منشیات سے پاک پشاور مہم۔دوست ویلفئیر بحالی مرکز حیات آباد میں زیر علاج کم عمر افراد اور ان کی فیملی کے لیے پشاور کے مقامی ہوٹل میں تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں ڈپٹی کمشنر پشاور شفیع اللہ خان نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریلیف) محمد عمران خان ، گیٹس فانڈیشن کے ڈپٹی ڈائریکٹر مائیکل گلاوے، ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر ، اسسٹنٹ ٹو کمشنر پشاور گل رحمان، ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر تحریم شاہ، ڈسٹرکٹ سوشل ویلفیئر آفیسر نور محمد خان، منیجر دوست ویلفیر طارق محمود سمیت دیگر افراد، زیر علاج افراد اور ان کی فیملی نے شرکت کی۔

تقریب میں زیر علاج افراد کے رشتہ داروں نے خوشی کا اظہار کیا اور انتظامیہ و افسران کو ڈھیروں دعائیں دیں۔

(جاری ہے)

شرکا ڈپٹی کمشنر پشاور کو اپنے درمیان دیکھ کر ان سے گھل مل گئے اور ان کا شکریہ ادا کیا۔ تقریب میں میوزک کا بھی انتظام کیا گیا تھا جس سے شرکا لطف اندوز ہوتے رہے۔ ڈپٹی کمشنر پشاور شفیع اللہ خان نے کہا کہ ہمارا یہ مقصد ہے کہ آپ کے چہروں پر ہمیشہ مسکراہٹ رہے اور آپ بحالی کے بعد معاشرے کے لیے مفید شہری بن سکیں اور یہ سفر جاری رہے گا اور پشاور میں منشیات کے تمام عادی افراد کی بحالی تک یہ مہم جاری رہے گی۔

انھوں نے زیر علاج افراد کے رشتہ داروں کو ہدایت کی کہ بحالی کے بعد ان افراد پر مکمل نظر رکھی جائے تاکہ یہ دوبارہ نشے کی جانب مائل نہ ہوں۔ ڈپٹی کمشنر پشاور نے آخر میں زیر علاج افراد میں تحائف تقسیم کیے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات