خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی کی کاروائی، ایس او پیز کی خلاف ورزی پر بسکٹس فیکٹری، 2بیکریز سربمہر

جمعرات 18 اگست 2022 16:32

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اگست2022ء) خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی نے پشاور کے علاقے حیات آباد انڈسٹریل اسٹیٹ میں کاروائی کرتے ہوئے فوڈ سیفٹی ایس او پیز کی خلاف ورزی پر 2 بیکری یونٹس اور ایک بسکٹ فیکٹری کو سربمہر کردیا گیا۔ کاروائی جمعرات کے روز ڈائریکٹر جنرل خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اتھارٹی شاہ رخ علی خان کی ہدایت پر اسسٹنٹ ڈائریکٹر انیلہ محبوب کی سربراہی میں کی، فوڈ سیفٹی ٹیمز نے حیات آباد انڈسٹریل اسٹیٹ میں بسکٹ فیکٹری کا معائنہ کیا چیکنگ کے دوران یونٹ میں دیگر برانڈز کے نام پر بسکٹس کی پیکنگ پکڑی گئی، کاروائی کے دوران 300 کلو سے زائد غیر معیاری بسکٹس اور 380 کلو سے زائد کریم برآمد کرکے ضبط کر لی گئی، جبکہ ملوث افراد کے خلاف بھاری جرمانہ عائد کیا گیا۔

(جاری ہے)

دوسری کاروائی میں انسپکشن کے دوران 2 بیکری یونٹس کو بھی سیل کردیا گیاجہاں پر صفائی کی صورتحال نہایت ناقص پائی گئی جبکہ حفظان صحت کے اصولوں کی بھی خلاف ورزی کی جارہی تھی۔کاروائی کے دوران بیکری یونٹس سے خراب خوردنی تیل بھی برآمد کیا گیا، جسے بیکری پراڈکٹس کی تیاری میں استعمال کیا جارہا تھا۔ ڈائریکٹر جنرل خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اتھارٹی شاہ رخ علی خان نے اس موقع پر کہا کہ صوبے میں غیر معیاری و مضر صحت اشیا خوردنوش کا کاروبار کرنے میں ملوث افراد کے خلاف بھر پور طریقے سے کریک ڈاون کا سلسلہ جاری ہے، صوبے کو ملاوٹ سے پاک کرنے کے لئے محکمہ فوڈ سیفٹی سرگرم ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ شہریوں تک معیاری و محفوظ خوراک کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے یکریک ڈاون کا سلسلہ مزید تیز کیا جائے گا۔