جنوبی افریقہ نے انگلینڈ کو لارڈز ٹیسٹ میں اننگز اور 12 رنز سے شکست دیدی

جمعہ 19 اگست 2022 21:50

لارڈز (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اگست2022ء) جنوبی افریقہ نے انگلینڈ کو لارڈز ٹیسٹ میں ایک اننگز اور 12 رنز سے عبرتناک شکست دیدی، انگلش ٹیم اپنی دوسری اننگز میں 149 رنز پر آئوٹ ہوگئی، کگیسو ربادا کو شاندار پرفارمنس پر پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا، جنوبی افریقہ نے پہلی اننگز میں 326 اور انگلینڈ نے پہلی اننگز میں 165 رنز بنائے تھے۔

جمعہ کو لارڈز ٹیسٹ کے تیسرے روز جنوبی افریقہ نے اپنے گزشتہ روز کے سکور 289 رنز سات کھلاڑی آئوٹ پر پہلی اننگز کا دوبارہ آغاز کیا۔ جانسن 41 اور ربادا 3 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے۔ انگلش بائولرز نے جنوبی افریقہ کی بقیہ وکٹیں جلد ہی حاصل کرلیں، ربادا گزشتہ روز کے سکور میں بغیر کوئی اضافہ کئے آئوٹ ہوگئے، جانسن 48 رنز بنانے کے بعد آئوٹ ہوئے۔

(جاری ہے)

اینرچ نورکیا 28 رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ رہے۔ انگلینڈ کے سٹورٹ براڈ اور بین سٹوکس نے تین تین کٹیں حاصل کیں۔ اس طرح جنوبی افریقہ پہلی اننگز میں 326 رنز بنا کر آئوٹ ہوگئی اور اسے پہلی اننگز میں 161 کی برتری حاصل ہوگئی۔ انگلینڈ ٹیم نے اپنی دوسری اننگز کا بھی مایوس کن آغاز کیا اور پوری ٹیم 149 رنز پر ہی ڈھیر ہوگئی۔ انگلش بیٹرز جنوبی افریقی بائولرز کے سامنے بے بس دکھائی دیئے۔

ایلکس لیس اور سٹورٹ براڈ 35,35 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ ان کے علاوہ کوئی بیٹر وکٹ پر زیادہ دیر تک نہ ٹھہر سکا۔ کپتان بین سٹوکس 20 اور جونی بیرسٹوو 18 رنز بناکر آئوٹ ہوئے۔ جنوبی افریقی فاسٹ بائولر اینرچ نورکیا نے 3، کگیسو ربادا، کیشو مہاراج اور مارکو جانسن نے دو دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ لونگی نگیدی نے ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ اس طرح انگلش ٹیم کو لارڈز کے تاریخی گرائونڈ میں اننگز اور 12 رنز کی عبرتناک شکست سے دوچار ہونا پڑا۔

جنوبی افریقہ کے فاسٹ بائولر کگیسو ربادا کو میچ میں مجموعی طور پر 7 وکٹیں حاصل کرنے پر پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔ جنوبی افریقہ کو تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل ہوگئی ہے۔ واضح رہے کہ بین سٹوکس کے باقاعدہ کپتانی سنبھالنے کے بعد انگلینڈ ٹیم کی یہ پہلی ناکامی ہے۔

متعلقہ عنوان :