اوکاڑہ،محکمہ زراعت پنجاب نے دھان کی کٹائی گہائی کے دوران احتیاطی تدابیر بارے سفارشات جاری کردیں

جمعہ 9 ستمبر 2022 12:04

اوکاڑہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 ستمبر2022ء) محکمہ زراعت پنجاب نے دھان کی کٹائی گہائی کے دوران احتیاطی تدابیر بارے سفارشات جاری کردیں۔ترجمان محکمہ زراعت پنجاب کے مطابق دھان کی موٹی اقسام کی کٹائی جاری ہے۔کاشتکاروں کو فصل کی کٹائی اس وقت کرنی چاہئے جب سٹہ کے اوپر والے دانے رنگ بدل چکے ہوں اور نیچے والے چند دانے (دو یا تین) ابھی ہرے ہوں لیکن بھر چکے ہوں۔

اس وقت دانوں میں نمی تقریباً 22 فیصد ہوتی ہے اور سٹے کے اوپر والے دانے صاف، شفاف اورمضبوط جبکہ 90 سے 95فی صد دانے خشک پرالی کے رنگ کی طرح کے ہو چکے ہوتے ہیں اس وقت کٹائی کرنے سے زیادہ پیداوار حاصل ہوتی ہے علاوہ ازیں عمدہ چھڑائی کے علاوہ جو صفات اچھے چاول میں پائی جانی چاہئیں وہ بھی موجود ہوتی ہیں۔

(جاری ہے)

فصل کے پکنے کے بعد زیادہ دن تک فصل کھڑی رکھنے سے دانے جھڑنے شروع ہو جاتے ہیں اور اس طرح پیداوار متاثر ہوتی ہے- پھنڈائی کے وقت ترپال یا بڑی چادریں بچھا لینی چاہئیں تاکہ دانے مٹی میں مل کر ضائع نہ ہوں ۔

دھان کی فصل اتنی ہی کاٹنی چاہئے جس کی اس دن پھنڈائی ہو سکے، دانوں کے ڈھیر کو رات کے وقت ترپال یا پرالی سے ڈھانپ دیں اوربعد ازاں دانوں کو جلد ہی منڈی پہنچا دینا چاہئے۔ اگر کسی وجہ سے دیر ہو جائے تو دن کے وقت ڈھیر کو کھول کر ہوا لگا لینی چاہئے بصورت دیگر دانوں میں نمی کی وجہ سے گرمی پیدا ہو کر ان سے بُو آنے لگے گی اور دانوں کا رنگ بھی متاثر ہوگاجس سے منڈی میں دام اچھے نہیں ملیں گے۔ دھان کی فصل کی تقربیاً 10 سے 15 فیصد رقبہ کی کٹائی مزدوروں سے کروائی جاتی ہے اورکاشتکار کوشش کرتے ہیں کہ زیادہ سے زیادہ فصل کو کاٹ کر رکھ لیا جائے تاکہ اکھٹی پھنڈائی کی جاسکے۔

متعلقہ عنوان :