اسحاق ڈار نے وطن واپسی کی سیٹ بک کرالی

وطن واپسی کیلئے میری بدھ کی بکنگ ہے۔ سابق وزیر خزانہ کی صحافیوں سے گفتگو

Sajid Ali ساجد علی اتوار 25 ستمبر 2022 11:59

اسحاق ڈار نے وطن واپسی کی سیٹ بک کرالی
لندن ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 25 ستمبر 2022ء ) مسلم لیگ ن کے رہنماء اور سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے وطن واپسی کی سیٹ بک کرالی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اسحاق ڈار نے لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وطن واپسی کیلئے میری بدھ کی بکنگ ہے، وزیراعظم کے ساتھ پاکستان جانا ہے یا نہیں اس کا حتمی فیصلہ آج ہوگا۔ ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ لندن میں مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف اور وزیراعظم شہباز شریف کی ملاقات میں اہم فیصلے کیے گئے، جس کے تحت سینیٹ کی رکنیت کا حلف اٹھانے کے بعد اسحاق ڈار بطور وزیر خزانہ حلف اٹھائیں گے۔

اس ضمن میں ہونے والی اہم ترین ملاقات میں نواز شریف، وزیراعظم شہباز شریف اوراسحاق ڈار شریک تھے جہاں سابق وزیر خزانہ نے اپنی ملک واپسی کے منصوبے سے متعلق وزیراعظم کو آگاہ کیا، ملاقات میں ملک کو درپیش مسائل، معاشی چیلنجز سمیت دیگر امور پر گفتگو ہوئی، ملاقات میں اسحاق ڈار کی واپسی اور سینیٹ حلف کے معاملے پر بھی مشاورت ہوئی۔

(جاری ہے)

ن لیگی ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ اسحاق ڈار آئندہ ہفتے ملک واپس آکر احتساب عدالت کے سامنے پیش ہوں گے، اسحاق ڈار کو ملک واپسی پر موجودہ وزارت خزانہ کی ٹیم ملک کی موجودہ معاشی حالات پر بریفنگ بھی دے گی، سنیٹ کی رکنیت کا حلف اٹھانے کے بعد اسحاق ڈار بطور وزیر خزانہ حلف اٹھائیں گے۔