این ایف ایچ آر پی کا خواجہ ناظم الدین کی برسی پر اجلاس کا انعقاد

خواجہ ناظم الدین جیسے اکابرین ہماری تاریخ کا قابل فخر عنوان ہیں، مقررین کا خطاب

پیر 24 اکتوبر 2022 22:55

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 اکتوبر2022ء) خواجہ ناظم الدین جیسے اکابرین ہماری تاریخ کا قابل فخر عنوان ہیں جنہوں نے وزارت عظمی کے منصب سے سبکدوشی برداشت کر لی لیکن امریکی امداد کو قبول نہیں کیا ان خیالات کا اظہار تحریک پاکستان کے عظیم رہنما اور ملک کے دوسرے گورنر جنرل و وزیر اعظم پاکستان خواجہ ناظم الدین کی 58 ویں برسی کے موقع پر این ایف ایچ آر پی کے اجلاس میں نواب آف ڈھاکہ سر سلیم اللہ کے خانوادے کی معروف شخصیت خواجہ سلمان، محفوظ النبی خان، حلیم خان غوری، ڈاکٹر سلیم حیدر، خواجہ نئیر، انور عباس، اسلم فاروقی و دیگر نے انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کیا ہے مقررین نے اس امر پر افسوس کا اظہار کیا کہ آج کے دور میں پاکستان کی تاریخ کو سقوط ڈھاکہ کے بعد سے شروع کیا جاتا ہے جو نہایت پریشانی کی بات ہے مقررین نے ایک قرار داد کے ذریعے حکومت سے مطالبہ کیا کہ بانیان پاکستان کو سرکاری طور پر خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے پاکستان نیشنل سینٹر کے ادارے کو بحال کیا جائے تاکہ نئی نسل اور آئندہ نسلیں جدوجہد آزادی و تحریک پاکستان کے عظیم ہیروز کے کارناموں کو اپنے لئے مشعل راہ بنا سکیں مقررین نے کہا کہ ملک میں وزیر اعظم کے منصب کی تضحیک کو آمرانہ دور کی نفسیاتی شعائر بنا لیا گیا ہے ڈائمنڈ جوبلی پر جاری 75 روپے کے کرنسی نوٹ میں کسی بھی وزیر اعظم کی تصویر کا نہ ہونا المیہ ہے جس کے خطرناک نتائج مرتب ہونے کا خدشہ ہے۔