ملکی استحکام، معاشی ترقی اور عوام کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی مسلم لیگ(ن)کی ترجیحات ہیں، گورنر پنجاب

بدھ 23 نومبر 2022 20:20

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 نومبر2022ء) گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے کہا ہے کہ ملکی استحکام، معاشی ترقی اور عوام کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی مسلم لیگ(ن)کی ترجیحات ہیں، عوامی خدمت کا سفر جاری رہے گا، معاشی ترقی کے عمل میں اوورسیز پاکستانیوں کے کردار کو مزید موثر بنانے کے لئے اہم اقدامات اٹھائے جارہے ہیں، سنی سنائی بات آگے نہیں پھیلانی چاہئے، صحافیوں کو بھی چاہیے کہ وہ اعلیٰ اخلاق اور حقائق پر مبنی صحافت کو فروغ دیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز نجی یونیورسٹی میں اردو صحافت کے حوالے سے تین روزہ کانفرنس میں بطور مہمان خطاب اور مسلم لیگ (ن)کے اووسیز پاکستانیوں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ نجی یونیورسٹی کی تقریب میں ڈین میڈیا سکول اینڈ کمیونیکیشن ڈاکٹر انجم ضیا، ریکٹر یو ایم ٹی آصف رضا، چیئرمین پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر شاہد منیر سینئر صحافی مجیب الرحمن شامی اور سلمان غنی سمیت بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے کہا کہ تحریک آزادی اور تحریک پاکستان میں اردو صحافت نے بہت اہم کردار ادا کیا۔ اُنہوں نے کہا کہ اردو صحافت سے جڑے افراد کی قربانیاں بھلائی نہیں جا سکتیں۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ جامعات کا کام تحقیق کرنا اور تحقیق کو فروغ دینا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ ہمارے مذہب میں بھی اس بات پر زور دیا ہے کہ سنی سنائی بات آگے نہیں پھیلانی چاہئے۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ صحافیوں کو چاہئے کہ وہ اعلیٰ اخلاق اور حقائق پر مبنی صحافت کو فروغ دیں۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ آج کل کے دور میں سوشل میڈیا تیزی سے پھیل رہا ہے۔ سوشل میڈیا کے دور میں صحافیوں پر زیادہ بڑی ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ خبر ذمہ داری کے ساتھ دیں۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ پورے معاشرے خاص طور پر طلبہ کی کردار سازی اور اخلاقی تربیت بہت اہمیت کی حامل ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ سچائی میں ہی دائمی کامیابی ہے۔ دریں اثنا گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے گورنر ہائوس لاہور میں ملک شرجیل کی قیادت میں ملاقات کرنے والے مسلم لیگ (ن)کے اووسیز پاکستانیوں کے وفدسے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اوورسیز پاکستانی ملک کا وقار اور اعزاز ہیں جو دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن کرنے کے ساتھ ساتھ خطیر زرمبادلہ کے ذریعے ملکی معیشت میں اہم کردار ادا کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آپ لوگ ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں اور یہ بھی حقیقت ہے کہ وطن عزیز پر جب بھی مشکل گھڑی آئی تو اوورسیز پاکستانیوں نے دل کھول کر اپنے ملک کی مدد کی۔گورنر پنجاب نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کا حالیہ سیلاب متاثرین کی امداد اور بحالی میں کردار قابل تحسین ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ معاشی ترقی کے عمل میں اوورسیز پاکستانیوں کے کردار کو مزید مثر بنانے کے لئے اہم اقدامات اٹھائے جارہے ہیں تاکہ وہ پہلے سے زیادہ بہتر انداز میں وطن عزیز کی خدمت کر سکیں۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ ملکی استحکام، معاشی ترقی اور عوام کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی مسلم لیگ(ن)کی ترجیحات ہیں۔اُنہوں نے کہا کہ عوامی خدمت کا سفر جاری رہے گا۔ گورنر پنجاب نے اس موقع پر وفد کے مسائل بھی سنے اور ان کے حل میں اپنا کردار ادا کرنے کی یقین دہانی بھی کرائی۔ وفد میں جنرل سیکرٹری مسلم لیگ (ن) ہالینڈ فیصل منظور، ایگزیکٹو ممبر اکوبا سید وقار شاہ،سید محمد وقاص کینیڈا، راجہ ٹونی صدر لیسٹر یو کے، چوہدری نعیم اور دیگر شامل تھی