ّلاہور ہائیکورٹ،فلم جوائے لینڈ کی نمائش روکنے کی درخواست پر فریقین سے تحریری جواب طلب

جمعہ 25 نومبر 2022 19:45

:لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 نومبر2022ء) لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس مزمل اختر شبیر نے فلم جوائے لینڈ کی سینما گھروں میں نمائش روکنے کی درخواست پر فریقین سے تحریری جواب طلب کرلیا، درخواست گزار کے وکیل عابد حسین کھچی نے مؤقف اختیار کیا کہ پنجاب حکومت نے پہلے ہی اسکو بین کر رکھا ہے، فلم کو وفاقی اور صوبائی سنسر شپ بورڈ نے سرٹیفکیٹ جاری کر رکھا ہے، درخواست میں وزیر اطلاعات و نشریات، پیمرا، سنٹرل فلم سنسر بورڈ، صوبائی وزیر اطلاعات، سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے، درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ فلم اخلاقی اور مذہبی اقدار کے خلاف بنائی گئی ہے، فلم اسلامی معاشرے میں خاندانی نظام کو توڑ سکتی ہے، ایسی فلم کو نمائش کے لیے لائسنس جاری نہیں کیا جا سکتا، استدعا ہے کہ فلم کی پاکستان میں نمائش پر مستقل پابندی عائد کی جائے، سنسرشپ سرٹیفکیٹ اور فلم کے لائسنس کو بھی منسوخ کیا جائے۔