سیالکوٹ میں ڈکیتی کی متعدد وارداتوں میں شہریوں سے نقدی و دیگر قیمتی اشیا ءلوٹ لی گئیں

منگل 29 نومبر 2022 12:29

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 نومبر2022ء) سیالکوٹ میں ڈکیتی کی چار وارداتوں میں شہریوں سے نقدی و دیگر قیمتی اشیا ءلوٹ لی گئیں۔تفصیلات کے مطابق تھانہ کینٹ کے علاقہ پاکستان چوک میں باسط محمود سے دو مسلح ڈاکوؤں نے اسلحہ کے زور پر10ہزار500 روپے نقدی لوٹ لی اور فرار ہو گئے۔

(جاری ہے)

تھانہ صدر سیالکوٹ کے علاقہ اعوان چوک میں محمد شہباز سے موٹر سائیکل سوار 2 مسلح ڈاکوؤں نے اسلحہ کے زور پر18ہزار روپے کی نقدی لوٹ لی، گنہ پلی پر اویس انور سے2مسلح موٹر سائیکل ڈاکوؤں نے اسلحہ کے زور پر موٹر سائیکل اور7ہزار روپے کی نقدی لوٹ لی اور فرار ہو گئے جبکہ تھانہ کوٹلی لوہاراں کے علاقہ مراکیوال میں وقار سے2موٹر سائیکل سوار مسلح ڈاکوؤں نے اسلحہ کے زور پر48ہزار روپے اور 100سعودی ریال لوٹ لئے اور فرار ہو گئے۔

پولیس نے مقدمات درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔