پاک انگلینڈ کرکٹ میچز،شائقین کی گاڑیوں کے لئے کار پارکنگ وٹریفک پلان جاری

بدھ 30 نومبر 2022 17:44

پاک انگلینڈ کرکٹ میچز،شائقین کی گاڑیوں کے لئے کار پارکنگ وٹریفک پلان ..
راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 نومبر2022ء) چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی تیمور خان کے حکم پر سی ٹی پی نے پاک انگلینڈ کرکٹ میچز کے موقع پر شائقین کی گاڑیوں کے لئے کار پارکنگ وٹریفک پلان جاری کردیا ہے۔ٹریفک پولیس ترجمان کے مطابق راولپنڈی ڈبل روڈ کرکٹ سٹیڈیم میں یکم دسمبر سے05 دسمبر تک پاکستان اورانگلینڈ کے مابین ہونیوالے کرکٹ میچز کے دوران شائقین کرکٹ اور شہریوں کی سہولت کیلئے پارکنگ و ٹریفک ڈائیورشن پلان جاری کر دیا۔

کرکٹ میچز کے دوران ٹریفک پولیس کے 432اہلکار ڈیوٹی کے فرائض سر انجام دیں گے جبکہ شائقین کرکٹ کیلئے پارکنگ کی 2جگہیں مختص کی گئی ہیں پہلی پارکنگ سول ایویشن گرائونڈ شاہین چوک راول روڈ جبکہ دوسری پارکنگ گورنمنٹ ڈگری کالج فار بوائز ففتھ روڈ پر ہو گی جہاں سے کرکٹ سٹیڈیم تک رسائی کیلئے شٹل سروس کی سہولت فراہم کی جائے گی۔

(جاری ہے)

دوران میچ ڈبل روڈ کو نائنتھ ایونیو چوک سے ڈبل روڈ تک دونوں اطراف سے مکمل طور پر بند ہو گی، اس دوران اسلام آباد نائنتھ ایونیو آنیوالی ٹریفک کو فیض آباد ایکسپریس وے اور آئی جے پی روڈ کی طرف موڑا جائے گا جبکہ راولپنڈی ڈبل روڈسے نائنتھ ایونیواسلام آبادجانیوالی ٹریفک براستہ مری روڈ فیض آباد اسلام آباد داخل ہو سکے گی۔

کرکٹ ٹیموں کی روانگی اور واپسی کے وقت مری روڈ کو فیض آباد سے ڈبل روڈ تک دونوں اطراف سے مکمل طور پر بند کیا جائے گا، اس دوران اسلام آباد سے آنے والی ٹریفک کو فیض آباد سے ایکسپریس وے کی جانب جبکہ راولپنڈی سے اسلام آباد جانے والی ٹریفک کو سید پور روڈ کی طرف بھیجا جائے گا۔اس مو قع پر چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی تیمور خان کا کہنا تھا کہ دوران میچ شہریوں کی سہولت کے پیش نظر راولپنڈی کی اہم شاہراہوں پرمتبادل راستوں اور پارکنگ کے متعلق آگاہی بینر بھی آویزاں کیے گئے ہیں۔