چین کے میزائل ٹیسٹ امریکا کے لیے خطرے کی گھنٹی ہیں،پینٹاگون

بیجنگ کے جوہری ہتھیاروں کی تعداد جلد 1500 ہوجائے گی،رپورٹ

بدھ 30 نومبر 2022 22:21

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 30 نومبر2022ء) امریکی محکمہ دفاع پینٹاگون نے خبردار کیا ہے کہ چین کے میزائل ٹیسٹ اور جوہری ہتھیار واشنگٹن کے لیے خطرے کی گھنٹی ہیں۔ غیر ملکی خبر رسا ں ادارے کے مطابق پینٹاگون کی جانب سے جاری رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ چین کے جوہری ہتھیاروں کی تعداد جلد 1500 ہوجائے گی۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ملک کے جوہری اثاثے اور بیلسٹک میزائل ٹیسٹ امریکا کے لیے بڑا چیلنج اور خطرے کی گھنٹی ہیں۔

(جاری ہے)

رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ گزشتہ سال چین کے بیلسٹک میزائل تجربوں کی تعداد دنیا کے باقی ممالک کے تجربوں کی مجموعی تعداد سے بھی زیادہ تھی۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ چین تیزی سے اپنی فوجی طاقت اور پھیلاؤ میں اضافہ کررہا ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ چین عالمی بالا دستی کی شدید خواہش رکھتا ہے تاہم چینی کمیونسٹ پارٹی کے اندرونی مسائل کے باعث اسے چیلنج درپیش ہے۔ پینٹاگون نے مزید کہا کہ چین سے متعلق پینٹاگون کی رپورٹ کانگریس کو پیش کی جائے گی۔