پہلا ٹیسٹ، پاکستان نے کھیل کے اختتام پر 7 وکٹوں پر 499 رنز بنالیے

امام الحق 121 ، عبداللہ شفیق 114 اور بابر اعظم نے 136 رنز بنائے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب ہفتہ 3 دسمبر 2022 16:57

پہلا ٹیسٹ، پاکستان نے کھیل کے اختتام پر 7 وکٹوں پر 499 رنز بنالیے
راولپنڈی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 3 دسمبر 2022ء ) پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان سیریز کے پہلے ٹیسٹ کے تیسرے روز کھیل کے اختتام پر پاکستان نے 7 وکٹوں پر 499 رنز بنا لیے۔ قومی ٹیم کے اوپنرز عبداللہ شفیق اور امام الحق جبکہ کپتان بابراعظم سنچری مکمل کرنے میں کامیاب ہوگئے۔ کپتان بابراعظم نے ٹیسٹ کرکٹ کی 8 ویں سنچری مکمل کی۔ امام الحق نے 121 ، عبداللہ شفیق نے 114 ، اظہر علی 27 ، سعود شکیل 37 ، بابر اعظم نے 136 رنز بنائے۔

وِل جیکس نے عبداللہ شفیق کو 114رنز پر آؤٹ کرکے اپنی پہلی ٹیسٹ وکٹ لی۔ امام الحق 121 رنز بنا کر لیچ کی گیند پر رابنسن کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔ اظہر علی 27رنز بنا کر جیک لیچ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔ وقفے کے بعد پہلا ٹیسٹ کھیلنے والے سعود شکیل 37 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوگئے۔

(جاری ہے)

بابر اعظم 136 رنز بنا کر ول جیکس کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔ اس سے قبل راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں دوسرے روز انگلش ٹیم نے کھیل کا آغاز 506 رنز 4 وکٹوں کے نقصان پر کیا، ابتدا میں کپتان بین اسٹوکس 41 رنز بناکر وکٹ گنوا بیٹھے جبکہ لیام لیونگ اسٹون 9 رنز بناسکے۔

ہیری بروک نے 153 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ ول جیکس 30، اولی روبنسن 37 اور جیک لیچ 6 رنز بناکر نمایاں رہے۔ انگلش ٹیم دوسرے روز 26 اوورز میں 151 رنز بنائے جبکہ انکی 6 وکٹیں گریں، پاکستان کی جانب سے زاہد محمود 4، نسیم شاہ 3، محمد علی 2 جبکہ حارث رؤف نے ایک وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے۔ انگلینڈ کے اوپنرز زیک کرولی اور بین ڈکٹ نے اپنی ٹیم کو جارحانہ آغاز فراہم کیا، دونوں نے پہلی وکٹ کی شراکت میں 233 رنز اسکور کیے، بین ڈکٹ 107 جبکہ زیک کرولی 122 رنز بناکر نمایاں رہے تھے۔

دیگر کھلاڑیوں میں اولی پوپ 108، جو روٹ 23 رنز بناکر نمایاں رہے تھے۔ قبل ازیں انگلش ٹیم کے کپتان بین اسٹوکس نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ انکا کہنا تھا کہ کوشش ہوگی پہلے ابتداء میں بہتر کھیل کا مظاہرہ کرکے پاکستان کو انڈر پریشر لائیں۔ اس موقع پر قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم نے کہا تھا کہ اگر ٹاس جیتتے تو پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کرتے۔ قومی ٹیم میں انگلیںڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں 4 کھلاڑی ڈیبیو کررہے ہیں، جن میں سعود شکیل، حارث رؤف، محمد علی اور زاہد محمود شامل ہیں۔